کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس فیز 6 کے ایک فلیٹ سے معروف اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش برآمد ہونے کے بعد تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے، اور اب تک سامنے آنے والی معلومات نے اس واقعے کو مزید پراسرار بنا دیا ہے۔

ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق، ابتدائی شواہد اور فارنزک جائزے سے ظاہر ہوتا ہے کہ اداکارہ کی لاش تقریباً چھ ماہ پرانی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلیٹ میں موجود کھانے پینے کی اشیاء پر درج ایکسپائری تاریخ 2024 کی ہے، جس سے عندیہ ملتا ہے کہ فلیٹ کئی مہینوں سے بند پڑا تھا۔تحقیقات کے دوران اداکارہ کے موبائل فون کا ڈیٹا بھی حاصل کیا گیا ہے، جس سے معلوم ہوا ہے کہ آخری پیغام اکتوبر 2024 میں بھیجا گیا تھا۔ اس آخری رابطے میں ایک آن لائن ٹیکسی ڈرائیور شامل ہے، جس سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فلیٹ کی بجلی بھی طویل عرصے سے منقطع تھی، اور اداکارہ کا فلیٹ کے مالک سے آخری رابطہ بھی 2024 میں ہی ہوا تھا۔پولیس حکام کے مطابق، اداکارہ کے اہلخانہ آج لاش وصول کرنے کے لیے سرد خانے پہنچیں گے۔ اس موقع پر پولیس کی موجودگی کو بھی یقینی بنایا جائے گا تاکہ مزید تفتیش میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات جاری ہیں اور جلد ہی حمیرا اصغر کی موت کے اسباب سے متعلق مزید حقائق سامنے لائے جائیں گے۔

Shares: