صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ کی جانب سے اداکارہ حمیرا اصغر کی تدفین کرانے کا فیصلہ کیاگیا ہے

صوبائی وزیر سید ذوالفقار علی شاہ نےایڈیشنل آئی جی کراچی سے رابطہ کیا ہے اور کہا ہے کہ مرحوم اداکارہ حمیرا اصغر کے ورثاء اگر لاش وصول یا تدفین نہیں کرتے تو محکمہ ثقافت حمیرا اصغر کا وارث ہوگا۔ صوبائی وزیر نے ڈائریکٹر جنرل کلچر کو معاملے پر فوکل پرسن مقرر کردیا۔سیکریٹری ثقافت سندھ نے ڈی آئی جی ساؤتھ کو لاش حوالگی کیلئے خط لکھا ہے،صوبائی وزیر سید ذوالفقار علی شاہ کا کہنا ہے کہ مرحوم حمیرا اصغر لاوارث نہیں سندھ حکومت محکمہ ثقافت وارث ہے۔ حمیرا اصغر کا واقعہ افسوسناک اور دل دہلانے والا واقعہ ہے۔ تدفین قبرستان سمیت تمام مراحل محکمہ ثقافت کے ذمہ ہوگا۔ ہماری پہلی کوشش ہے کہ والدین راضی ہوں اور لاش وصول کریں۔پولیس کے تعاون سے اس معاملے پر محکمہ ثقافت اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔

دوسری جانب پاکستانی اداکار سونیا حسین اور یاسر حسین اداکارہ حمیرا اصغر کی تدفین کی ذمہ داری اٹھانے کے لیے میدان میں آگئے،ماڈل اور اداکارہ حمیرا اصغر کی درد ناک موت نے شوبز انڈسٹری اور ان کے مداحوں کو شدید صدمے میں مبتلا کیا، حمیرا کے والد کے لاش وصول کرنے سے انکار پر شوبز برادری کی کئی شخصیات ان کی تدفین کی ذمہ داری اٹھانے کےلیے تیار ہیں،اس کے علاوہ سماجی کارکن مہر بانو سیٹھی نے سب سے پہلے حمیرا اصغر کی تدفین کی ذمہ داری لینے کا اعلان کیا جس کے بعد اداکارہ سونیا حسین نے بھی اس مقصد میں شامل ہونے کا اعلان کیا ہے،سونیا حسین نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ مجھے یہ خبر ملی کہ حمیرا کا انتقال ہو چکا ہے اور ان کے گھر والے ان کی لاش وصول نہیں کررہے، میں یہ سن کر سکتے میں آگئی ہوں کہ کیا گناہ کیا تھا اُس لڑکی نے؟ میں کسی کو نصیحت کرنے نہیں آئی لیکن اگر خدا نخواستہ کوئی نہ آیا تو ایک انسان اور مسلمان ہونے کے ناطے میں اس کے کفن دفن کی ذمہ داری لینا چاہتی ہوں۔

Shares: