اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر کی افسوسناک موت کے بعد سوشل میڈیا پر ان کی تصاویر اور ویڈیوز کے وائرل ہونے پر سینئر اداکار نعمان اعجاز نے شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔
گزشتہ دنوں کراچی کے علاقے ڈیفنس کے ایک فلیٹ سے اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر کی بوسیدہ لاش ملی، ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ لاش تقریباً 8 سے 10 ماہ پرانی ہے، یہ واقعہ ہر شعبۂ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو غمزدہ کر گیا ہے۔
حال ہی میں سوشل میڈیا پر اداکارہ کی لاش اور فلیٹ کی کئی ایسی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہو رہی ہیں، جو انتہائی دردناک اور دل دہلا دینے والی ہیں، نعمان اعجاز نے اداکارہ حمیرا اصغر کی موت پر ردعمل دیتے ہوئے انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا کہ براہِ کرم اداکارہ حمیرا اصغر علی کی ویڈیوز اور تصاویر شیئر کرنا بند کریں وہ چھ ماہ تک تکلیف میں رہیں اور کسی کے آنے اور انہیں پہچاننے کا انتظار کرتی رہیں، تاکہ انہیں ’مٹی کا سکون‘ مل سکے اور آپ سب ان کی ویڈیوز اور تصاویر شیئر کرکے ان کے گناہوں اور تکلیف میں مزید اضافہ کر رہے ہیں۔
نعمان اعجاز نے لکھا کہ انہوں نے خود دیکھا کہ کس طرح چھیپا کے ڈرائیور نے ان کی میت کی ویڈیو شیئر کی،لوگ کتنے بے حس ہو گئے ہیں؟ اب وہ خود کے لیے بول بھی نہیں سکتیں، اسی لیے یہ پاگل پن بند کریں اور براہِ کرم ان کے لیے دعا کریں۔








