چین کے صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان ایک دلچسپ گفتگو ہاٹ مائیک پر ریکارڈ ہوگئی جس میں دونوں رہنما انسانی اعضا کی پیوندکاری اور انسان کے 150 سال تک زندہ رہنے کے امکان پر بات کر رہے تھے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق یہ گفتگو 3 ستمبر کو اس وقت ریکارڈ ہوئی جب پیوٹن اور شی جن پنگ، شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن سمیت دیگر عالمی رہنماؤں کے ساتھ دوسری جنگِ عظیم کے اختتام کی 80 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ فوجی پریڈ دیکھنے جا رہے تھے۔یہ کلپ چین کے ریاستی نشریاتی ادارے ’سی سی ٹی وی‘ کی لائیو کوریج میں نشر ہوا، جو بعد میں اے پی، رائٹرز اور دیگر عالمی میڈیا کو بھی فراہم کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق تقریب کو آن لائن 1.9 ارب اور ٹی وی پر 40 کروڑ سے زائد ناظرین نے دیکھا۔کوریج میں روسی صدر کے مترجم کو یہ کہتے ہوئے سنا گیا کہ "بائیوٹیکنالوجی تیزی سے ترقی کر رہی ہے، انسانی اعضا کو بار بار ٹرانسپلانٹ کیا جا سکتا ہے، جتنا زیادہ آپ جیتے ہیں، اتنے ہی کم عمر نظر آتے ہیں۔”
اس پر شی جن پنگ نے جواب دیا کہ "کچھ ماہرین کا اندازہ ہے کہ اس صدی میں انسان 150 سال تک زندہ رہ سکتے ہیں۔” اس موقع پر کم جونگ اُن کو دونوں رہنماؤں کی طرف مسکراتے ہوئے دیکھا گیا۔بعد ازاں ولادیمیر پیوٹن نے بیجنگ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ ان کی شی جن پنگ سے اس موضوع پر بات ہوئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ صحت کو بہتر بنانے کے جدید ذرائع، طبی طریقے اور اعضا کی پیوندکاری کے جراحی طریقے انسانیت کو یہ امید دلاتے ہیں کہ فعال زندگی ماضی کے مقابلے میں زیادہ طویل ہوسکتی ہے۔
چین کی وزارتِ خارجہ اور سی سی ٹی وی نے اس گفتگو پر کوئی تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔کوریج کے دوران جب شی جن پنگ بولنا شروع ہوئے تو ویڈیو تیانانمن اسکوائر کے وائیڈ شاٹ پر چلی گئی اور آواز مدھم ہوگئی، تقریباً 30 سیکنڈ بعد تینوں رہنماؤں کو پریڈ دیکھنے کے لیے اسٹیج پر آتے دکھایا گیا۔
نیشنل سائبر کرائم ایجنسی کی کارروائی، آن لائن جوئے میں ملوث یوٹیوبر مدثر حسن گرفتار
پاکستان میں سرمایہ کاری ،وزیراعظم کی چینی کاروباری شخصیات سے ملاقات
سیلابی صورتحال، یک جہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے متاثرین کی مدد کرنی چاہیے،یوسف رضا گیلانی
لاہور، غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹی کا مالک گرفتار