انسان ایک بار پھر چاند پر چہل قدمی کریں گے:ناسا کا اعلان
فلوریڈآ:خلائی تحقیقاتی ادارہ 2025ء میں نیا مشن بھیجے گا،اس حوالے سے خلائی تحقیقاتی ادارے ناسا نے اعلان کیا ہے کہ 2025ء میں انسان ایک بار پھر چاند پر چہل قدمی کرتے نظر آئیں گے۔
ناسا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 2025ء میں شیڈول آرٹیمس 3 مشن کے ذریعے انسانوں کو 50 سال سے زائد عرصے بعد ایک بار پھر چاند کی سطح پر بھیجا جائے گا، اس بار انسان چاند کے قطب جنوبی میں اتریں گے۔
ناسا کی جانب سے آرٹیمس 3 مشن کے مجوزہ منصوبے کی تفصیلات جاری کی گئی ہیں جس کے مطابق اس مشن میں 4 خلاء بازوں کو چاند پر بھیجا جائے گا۔
آرٹیمس 3 مشن کی کامیابی کا دارو مدار اسپیس ایکس کے اسٹار شپ راکٹ پر ہے جس کو پہلے بغیر انسانوں کے چاند کی سطح پر آزمائشی طور پر اتارا جائے گا، کامیابی کی صورت میں راکٹ کو آرٹیمس 3 کیلئے استعمال کیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق جب اورین اسپیس کرافٹ چاند کے مخصوص راستے پر پہنچے گا تو وہاں 2 خلاء باز اسٹار شپ پر سوار ہوکر چاند کے قطب جنوبی پر اتریں گے۔
چاند پر کچھ وقت قیام کرکے وہ خلاء باز اسٹار شپ کے ذریعے اورین اسپیس کرافٹ تک واپس پہنچیں گے اور وہاں اپنے باقی 2 ساتھیوں کے ساتھ زمین کی جانب واپس لوٹیں گے۔
آرٹیمس 3 سے قبل آرٹیمس 2 مشن کو چاند پر بھیجا جائے گا، جس پر انسان بھی سوار ہونگے مگر یہ مشن چاند کی سطح پر نہیں اترے گا۔ امید ہے کہ آرٹیمس 2 مشن مئی 2024ء میں روانہ کیا جائے گا۔