کراچی: اداکارہ حمیرا اصغر کے گھر والوں نے کراچی پہنچ کر ان کی لاش وصول کرنے سے انکار کر دیا ہے، جس کے بعد پولیس تحقیقات میں تیزی آ گئی ہے۔ ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی نے بتایا کہ پولیس نے مالک مکان سے اداکارہ حمیرا کا نمبر حاصل کرکے سی ڈی آر نکالا اور متوفیہ کے والد اور بھائی سے رابطہ کیا، مگر ان کی جانب سے کراچی آنے سے انکار کیا گیا۔

ایس ایس پی مہزور علی نے بتایا کہ حمیرا کے والد نے تسلیم کیا ہے کہ وہ ڈیڑھ سے دو سال قبل اپنی بیٹی سے قطع تعلق کر چکے ہیں۔ پولیس کی جانب سے ان کو قائل کرنے کی کوشش کی گئی کہ وہ کراچی آئیں اور بیٹی کی لاش وصول کریں، لیکن والد نے اس حوالے سے کوئی تعاون نہیں کیا۔ اب پولیس دوبارہ رابطہ نہیں کر رہی، تاہم کوشش جاری ہے کہ گھر والے جلد از جلد کراچی پہنچیں تاکہ معاملے کی مزید قانونی کارروائی کی جا سکے۔

پولیس کو اداکارہ حمیرا کے دو موبائل فونز بھی مل چکے ہیں جن سے ڈیٹا حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ واقعے کی تفصیلات اور اس کے پس منظر کا پتہ چل سکے۔ ایس ایس پی مہزور علی نے بتایا کہ اگر پوسٹ مارٹم یا کیمیکل ایگزامینیشن رپورٹ میں کوئی مشکوک بات سامنے آئی تو مقدمہ درج کیا جائے گا اور موت کی وجوہات کا تعین اسی کے بعد ہو گا۔مہزور علی نے کہا کہ کوشش کی جائے گی کہ مقدمہ حمیرا کے اہلخانہ کی مدعیت میں درج ہو، مگر اگر وہ اس سے انکار کرتے ہیں تو پولیس اپنی مدعیت میں بھی مقدمہ درج کر سکتی ہے۔

ادھر شوبز انڈسٹری سے اب تک پولیس کو کسی قسم کا رابطہ موصول نہیں ہوا، اور پڑوسیوں نے بھی حمیرا کو آخری مرتبہ گھر سے آتے جاتے نہیں دیکھا۔ مزید یہ کہ حمیرا اصغر نے 2024 سے اپنے مالک مکان کو کرایہ ادا نہیں کیا تھا، جس پر مکان مالک نے ان کے خلاف قانونی کارروائی بھی شروع کر رکھی تھی۔

Shares: