ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل نے اعظم کلاتھ مارکیٹ لاہور سے حوالہ ہنڈی میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت گل امیر کے نام سے ہوئی ، جس کا تعلق پشاور سے ہے، ملزم کرنسی کی غیر قانونی ایکسچینج اور حوالہ ہنڈی میں ملوث پایا گیا، چھاپہ مار کارروائی میں ملزم سے 64 لاکھ پاکستانی روپے برآمد ہوئے، حوالہ ہنڈی کی رسیدیں اور دیگر ڈیجیٹل شواہد بھی برآمد کر لیے گئے۔

ایف آئی اے لاہور زون کی ایک اور کارروائی میں انسانی سمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث ملزم کو دھر لیا گیا۔ ملزم کو ننکانہ صاحب سے گرفتار کیا گیا، شناخت محمد طلحہ لطیف کے نام سے ہوئی گرفتار ملزم سادہ لوح شہریوں سے ویزا فراڈ کرنے میں ملوث ہے، ملزم نے ساتھی کی ملی بھگت سے شہریوں کو دبئی اور بحرین ملازمت کا جھانسہ دیکر مجموعی طور پر 16 لاکھ 50 ہزار روپے بٹورے اور بعد میں شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہا، ملزم بھاری رقوم وصول کر کے روپوش ہو گیا تھا۔

Shares: