گلگت بلتستان کی خوبصورت وادی ہنزہ سے تعلق رکھنے والی 18 سالہ نوریمہ ریحان نے کوک اسٹوڈیو کے 15ویں سیزن کے آخری گانے "مہمان” میں اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔ یہ گانا یوٹیوب پر ریلیز ہونے کے صرف دو ہفتوں میں تقریباً 5 ملین بار دیکھا جا چکا ہے۔نوریمہ ریحان پہلے ہی 2023 میں مشہور بھارتی گلوکارہ آشا بھوسلے کے گانے "ان آنکھوں کی مستی” کی ویڈیو سے شہرت حاصل کر چکی تھیں۔ اس کے بعد انہیں کنگ چارلس تھرڈ کی تاج پوشی کی تقریب میں شرکت کا موقع بھی ملا تھا۔
نوریمہ نے عرب نیوز کو دیئے گئے انٹرویو میں بتایا کہ "میرے خاندان، خاص طور پر میرے والد اور ہنزہ اور گلگت کی کمیونٹی نے مجھے بہت سپورٹ کیا۔ اس لیے مجھے موسیقی کے شعبے میں آگے بڑھنے میں کوئی رکاوٹ پیش نہیں آئی۔”

کوک اسٹوڈیو کے پروڈیوسر ذوالفقار جبار خان، جو "ذولفی” کے نام سے مشہور ہیں، نے یوٹیوب پر نوریمہ کی آواز سن کر انہیں شو میں شامل کیا۔ نوریمہ نے بتایا کہ "مہمان” گانے کی ریکارڈنگ ایک مختصر وقت میں مکمل کی گئی۔اس گانے میں نوریمہ کے ساتھ مشہور گلوکارہ زیب النساء بنگش اور نظام الدین تورولی نے بھی اپنی آواز دی ہے۔ نوریمہ نے کہا کہ زیب النساء کے ساتھ کام کرنا ان کے لیے ایک بڑا موقع تھا۔نوریمہ کے والد ریحان شاہ، جو ایک مقامی سیاستدان اور جواہرات کے ڈیلر ہیں، نے کہا کہ ان کی بیٹی نے خاندان کا نام روشن کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ "ہماری سوسائٹی میں لڑکیوں کو موسیقی جیسے شعبوں میں تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے، لیکن ہم اس سماجی دباؤ کے خلاف لڑیں گے اور ہمیشہ اپنے بچوں کی حمایت کریں گے۔”نوریمہ جلد ہی اسلام آباد کی اقراء یونیورسٹی میں سماجیات کی انڈر گریجویٹ ڈگری شروع کریں گی۔ وہ ایک پیشہ ور آئس ہاکی کھلاڑی بھی ہیں۔ ان کی یہ کامیابی پاکستان کی نوجوان نسل کے لیے ایک مثبت پیغام ہے کہ وہ اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدل سکتے ہیں۔

ہنزہ کی نوجوان گلوکارہ نوریمہ ریحان کی کوک اسٹوڈیو میں شاندار انٹری
Shares:







