حیدرآباد – بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد اظہرالدین ان دنوں شدید غصے اور افسوس میں مبتلا ہیں، جب حیدرآباد کرکٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم کے نارتھ پویلین اسٹینڈ سے ان کا نام ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا۔

یہ فیصلہ جسٹس وی ایشوریا کی ہدایت پر لیا گیا، جو حیدرآباد کرکٹ ایسوسی ایشن کے ایتھکس آفیسر اور امبڈزمن کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ یہ کارروائی ایک پٹیشن کے جواب میں کی گئی جو لارڈز کرکٹ کلب نامی مقامی ادارے کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔پٹیشن میں الزام لگایا گیا کہ اظہرالدین نے حیدرآباد کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر کی حیثیت سے جانبداری اور ذاتی مفاد پر مبنی فیصلے کیے، جو شفافیت اور اصولوں کے منافی تھے۔

عرب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اظہرالدین نے کہا”دل دکھتا ہے یہ کہتے ہوئے کہ کبھی کبھی افسوس ہوتا ہے کہ میں نے کرکٹ کھیلی۔ آج کھیل کی باگ ڈور ایسے لوگوں کے ہاتھ میں ہے جنہیں کرکٹ کی سوجھ بوجھ ہی نہیں۔ یہ کھیل کے ساتھ بدتمیزی ہے۔”انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ وہ اس ناانصافی کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا ارادہ رکھتے ہیں اور بی سی سی آئی سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس معاملے میں مداخلت کرے۔اظہرالدین نے مزید انکشاف کیا کہ انہیں حیدرآباد کرکٹ ایسوسی ایشن کے انتخابات میں صرف اس لیے حصہ لینے سے روکا گیا کیونکہ انہوں نے تنظیم میں موجود کرپشن کو بے نقاب کیا تھا۔ان کا کہنا تھا”یہ مسئلہ تنہا نہیں، سن رائزرز حیدرآباد کو بھی ایسوسی ایشن کے ساتھ پاسز کے معاملے میں مسائل درپیش آئے، جو ناقص گورننس کی نشانی ہے۔”

حیدرآباد کرکٹ ایسوسی ایشن کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ آئی پی ایل 2025 کے دوران کسی بھی ٹکٹ، بورڈ یا میچ مواد میں محمد اظہرالدین کا نام استعمال نہ کرے۔راجیو گاندھی اسٹیڈیم میں سن رائزرز حیدرآباد کے تین ہوم میچز کے علاوہ کوالیفائر 1 اور ایلیمینیٹر میچز بھی شیڈول ہیں، جن میں یہ ہدایت لاگو ہوگی۔پٹیشن میں صرف اظہرالدین کا نام ہٹانے کی درخواست نہیں کی گئی، بلکہ یہ مطالبہ بھی کیا گیا کہ نارتھ پویلین اسٹینڈ کو وی وی ایس لکشمن کے نام سے منسوب کیا جائے، جو حیدرآباد کے لیجنڈری بلے باز رہ چکے ہیں۔اس تجویز کے تحت نہ صرف اسٹیڈیم میں بورڈ بدلا جائے بلکہ ٹکٹس اور دیگر تمام مواد میں بھی نیا نام شامل کیا جائے۔درخواست گزار نے زور دیا کہ امبڈزمن مزید احکامات جاری کرے تاکہ انصاف اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔

Shares: