بالی وڈ کے معروف اداکار سیف علی خان نے حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران اپنی ذاتی زندگی سے متعلق ایک اہم اور کھلا اعتراف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اہلیہ کرینہ کپور کے ساتھ تعلقات کے ابتدائی دنوں میں وہ عدم تحفظ اور حسد جیسے جذبات کا شکار رہے۔

سیف علی خان کا کہنا تھا کہ اس دور میں ان کے لیے اس صورتحال کو سمجھنا آسان نہیں تھا، خاص طور پر اس وجہ سے کہ کرینہ کپور اُس وقت اپنے کیریئر کے عروج پر تھیں۔سیف علی خان نے بتایا کہ کرینہ کپور کے ساتھ ڈیٹنگ ان کے لیے ایک بالکل نیا اور مختلف تجربہ تھا۔ ماضی کے تعلقات کے برعکس کرینہ نہ صرف بالی وڈ کی سب سے بڑی اسٹارز میں شمار ہوتی تھیں بلکہ وہ مسلسل فلموں میں مصروف رہتی تھیں، جہاں انہیں مختلف اداکاروں کے ساتھ کام کرنا پڑتا تھا۔ کامیابی، شہرت اور عوامی توجہ کا یہ دباؤ سیف کے لیے ابتدا میں خاصا مشکل ثابت ہوا۔

اداکار نے اعتراف کیا کہ جب کرینہ دوسرے مرد اداکاروں کے ساتھ فلموں میں کام کرتی تھیں تو وہ اندرونی طور پر حسد اور عدم تحفظ محسوس کرتے تھے۔ سیف علی خان کے مطابق، اُس وقت یہ جذبات ان کے لیے الجھن کا باعث بنے رہے کیونکہ وہ اس قسم کے تعلقات کے عادی نہیں تھے، جہاں ان کی ساتھی زندگی کے ہر پہلو میں اس قدر نمایاں اور عوامی شخصیت ہو۔سیف علی خان نے انکشاف کیا کہ ایک موقع پر انہیں مشورہ دیا گیا کہ وہ اس صورتحال کو اس طرح دیکھیں جیسے وہ خود کسی ہیرو کو ڈیٹ کر رہے ہوں۔ ان کے بقول، یہ جملہ ان کے ذہن میں نقش ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سوچ کے ساتھ انہیں یہ سمجھنے میں مدد ملی کہ فلمی دنیا میں کام کے دوران حریف اداکار بھی دراصل دوست بن جاتے ہیں، اور یہ ایک پیشہ ورانہ تقاضا ہے۔

انٹرویو کے دوران ایک سوال کے جواب میں سیف علی خان نے مزید کہا کہ اُس وقت ان تمام جذبات سے نمٹنے کے لیے پختگی، اعتماد اور وقت کی ضرورت تھی۔ ان کے مطابق، یہ تمام خوبیاں صرف سچی وابستگی، باہمی سمجھ بوجھ اور مضبوط رشتے کے ذریعے ہی پروان چڑھتی ہیں، جو وقت کے ساتھ ساتھ مضبوط ہوتا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ کرینہ کپور اور سیف علی خان نے 2012 میں شادی کی تھی۔ آج یہ جوڑا بالی وڈ کے مقبول ترین اور مضبوط رشتوں میں شمار ہوتا ہے۔ ان کے دو بیٹے ہیں، جن میں بڑے بیٹے تیمور علی خان اور چھوٹے بیٹے جہانگیر علی خان شامل ہیں۔

Shares: