الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) میں ایک نئی سیاسی جماعت ’قرآن و سنۃ تحریک پاکستان‘ باضابطہ طور پر رجسٹر ہو گئی ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق جماعت کی جانب سے جمع کرائے گئے تمام قانونی تقاضے پورے کیے گئے، جس کے بعد اس کی رجسٹریشن منظور کر لی گئی۔

الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق قرآن و سنۃ تحریک پاکستان کے چیئرمین ابتسام الہی ظہیر ہوں گے۔ اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ جماعت کی جانب سے منعقد کیے گئے انٹرا پارٹی انتخابات کو بھی تسلیم کر لیا گیا ہے، جو کہ سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن کے لیے ایک لازمی شرط ہے۔ذرائع کے مطابق نئی جماعت کی رجسٹریشن کے بعد وہ مستقبل میں ہونے والے عام اور ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کی اہل ہو گئی ہے، تاہم انتخابی نشان کے حصول سمیت دیگر مراحل آئندہ مکمل کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ ستمبر کے مہینے میں بھی الیکشن کمیشن نے دو نئی سیاسی جماعتوں کو باضابطہ طور پر رجسٹر کیا تھا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے اس وقت جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق ’آزاد عوام پاکستان پارٹی‘ اور ’تجدید نظام پارٹی‘ کو رجسٹریشن دی گئی تھی۔نوٹیفکیشن میں بتایا گیا تھا کہ آزاد عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ محمد علی ہوں گے، جبکہ تجدید نظام پارٹی کے چیئرمین خالد زمان مقرر کیے گئے ہیں۔

Shares: