آئی سی سی (بین الاقوامی کرکٹ کونسل) نے پاکستان کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں شاندار بیٹنگ کرنے والے جنوبی افریقی بیٹر ہینرک کلاسن پر جرمانہ عائد کر دیا ہے۔
جمعرات کو پاکستان نے کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے 3 میچز کی ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں جنوبی افریقا کو 81 رنز سے شکست دیکر سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔ پاکستان کی ٹیم نے جنوبی افریقا کو ہدف کے تعاقب میں ناکامی کا شکار کیا اور میچ جیتنے کے ساتھ ہی سیریز اپنے نام کر لی۔پاکستانی ٹیم نے جنوبی افریقا کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49.5 اوورز میں 329 رنز بنا کر تمام کھلاڑیوں کو آؤٹ کر دیا۔ پاکستان کی جانب سے بابر اعظم 73، کپتان محمد رضوان 80 اور کامران غلام 63 رنز بنا کر نمایاں رہے۔جنوبی افریقا کو 330 رنز کا ہدف ملا جس کے تعاقب میں وہ 248 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
جنوبی افریقی اننگز کے آخری بیٹر ہینرک کلاسن تھے، جو 74 گیندوں پر 97 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد نسیم شاہ کی گیند پر چھکا مارنے کی کوشش میں آؤٹ ہو گئے۔کلاسن جیسے ہی چھکا مارنے کی کوشش میں آؤٹ ہوئے، انہوں نے غصے میں آ کر اسٹمپ کو لات مار دی۔ ان کی یہ حرکت آئی سی سی کے ضابطے کے خلاف تھی، جس کے باعث ان پر جرمانہ عائد کیا گیا۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ہینرک کلاسن کو آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر جرمانہ کیا گیا ہے۔ کلاسن پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے اور ساتھ ہی ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی دیا گیا ہے۔ آئی سی سی کا کہنا تھا کہ کلاسن نے اپنے رویے سے کوڈ آف کنڈکٹ کے لیول ون کی خلاف ورزی کی ہے، جس کی وجہ سے انہیں یہ سزا دی گئی۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب جنوبی افریقہ میچ کے آخری مراحل میں ہارنے کے قریب پہنچ چکا تھا اور کلاسن کی بھرپور مزاحمت بھی ان کے لئے میچ کو بچانے میں ناکام رہی۔ کلاسن کی اس حرکت پر کرکٹ کے حلقوں میں بحث چھڑ گئی ہے کہ کھلاڑیوں کو اپنے جذبات پر قابو پانا چاہیے تاکہ کھیل کی فضا خراب نہ ہو۔واضح رہے کہ آئی سی سی کا کوڈ آف کنڈکٹ کھلاڑیوں کے رویے کی نگرانی کرتا ہے تاکہ کرکٹ کے کھیل کی عزت اور ساکھ برقرار رکھی جا سکے۔
وزیراعظم سے مولانا فضل الرحمان کی ملاقات، مدارس کی رجسٹریشن پر مثبت پیشرفت
قائداعظم گیمز: خیبرپختونخوا کی ایتھلیٹکس میں شاندار کامیابی، 18 میڈلز جیتے