پشاور: خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نہار منہ روزہ رکھ رہے ہیں۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں پر پابندی عائد کرنا کارکنوں کے لئے اذیت کا سبب بن رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملاقاتوں پر پابندی لگانا عدالتی احکامات کی کھلی خلاف ورزی ہے اور اس کا مقصد صرف سیاسی مقاصد کو حاصل کرنا ہے۔مشیر اطلاعات نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو سحری اور افطار کے دوران کچھ فراہم نہیں کیا جا رہا جس کی وجہ سے دونوں کو مجبوراً نہار منہ روزہ رکھنا پڑ رہا ہے۔
انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ حکومت کے اوچھے ہتھکنڈوں کی وجہ سے عوام میں تشویش پائی جاتی ہے اور اس کا اثر عوامی جذبات پر پڑ رہا ہے۔ بیرسٹر محمد علی سیف نے حکومت پر زور دیا کہ وہ ایسے غیر جمہوری اقدامات سے گریز کرے اور انسانی حقوق کی پامالی سے اجتناب کرے۔
واضح رہے کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی اڈیالہ جیل میں قید ہیں اور اپنی سزا کاٹ رہے ہیں.