آئی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ) میجر جنرل محمد عاطف مجتبیٰ نے کوہلو بازار کا بغیر کسی پیشگی اطلاع کے اچانک دورہ کیا۔ ان کے اس دورے کا مقصد علاقے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینا، عوامی مسائل سے آگاہی حاصل کرنا اور مقامی لوگوں سے براہِ راست رابطہ قائم کرنا تھا۔
دورے کے دوران آئی جی ایف سی نے بازار میں موجود دکانداروں، مقامی شہریوں اور نوجوانوں سے غیر رسمی گفتگو کی۔ انہوں نے لوگوں سے علاقے میں امن و امان، کاروباری ماحول اور دیگر عوامی سہولیات کے متعلق دریافت کیا۔ شہریوں نے انہیں مختلف مسائل سے آگاہ کیا، جنہیں میجر جنرل محمد عاطف مجتبیٰ نے توجہ سے سنا اور متعلقہ اداروں تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی۔عوام نے ایف سی بلوچستان اور پاک فوج کی جانب سے کوہلو سمیت پورے بلوچستان میں امن کے قیام کے لیے کی جانے والی کوششوں کو بھرپور انداز میں سراہا۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ ایف سی کی موجودگی سے علاقے میں نہ صرف امن بہتر ہوا ہے بلکہ کاروباری سرگرمیوں میں بھی نمایاں بہتری آئی ہے۔
مقامی لوگوں نے آئی جی ایف سی کو اپنے درمیان پا کر خوشی کا اظہار کیا اور ان کے ساتھ یادگاری تصاویر بھی بنوائیں۔ بازار میں موجود ضعیف شہریوں اور نوجوانوں نے ان سے مصافحہ کیا اور اپنے محبت بھرے جذبات کا اظہار کیا۔میجر جنرل محمد عاطف مجتبیٰ کا یہ دورہ عوام کے ساتھ قریبی رابطے، زمینی حقائق سے آگاہی اور بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کے لیے ایف سی کے مضبوط عزم کی واضح مثال سمجھا جا رہا ہے۔ مقامی لوگوں نے امید ظاہر کی کہ اس طرح کے دورے عوام اور سیکیورٹی اداروں کے درمیان فاصلے مزید کم کریں گے اور علاقے میں امن و ترقی کے سفر کو مزید تقویت بخشیں گے۔








