سالوں پہلے ہر ضلع میں ایک ڈی آئی جی ،ایک ایس ایس پی ،ایک ایس پی ہیڈ کوارٹرز ہوا کرتے تھے آبادی کم تھی جرائم کم ہوا کرتے تھے ۔ بڑھتی ہوئی آبادی کے ساتھ ہر ضلع میں پولیس افسران کی تعداد میں اضافہ ہو گیا جرائم بڑھ گئے ۔ منشیات فروش ،جگہ جگہ جوئے کے اڈے ،لینڈ مافیا کی اکثریت اپنے آپ کو مخیر حضرات کہلوانے لگی ۔ منشیات فروش اور جوئے کے اڈوں کی پشت پناہی نام نہاد سیاسی اور بعض پولیس کے افسران کرنے لگے ۔ افغان جہاد کے بدلے پاکستان میں کلاشنکوف بڑے بڑے شہروں میں پھیلائی گئی ہیروئن کا زہر نوجوانوں میں پھیلنے لگا۔دیکھتے ہی د یکھتے کلاشنکوف کلچر اور ہیروئن نے پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔ مخیر حضرات ، سیاسی رہنمائوں ، دولت مندوں اور دیگر افراد نے اپنے ساتھ بڑی گاڑیاں اور مسلح افراد رکھنا شروع کردئیے ۔ شادی ،جنازوں میں اپنے ساتھ مسلح کلاشنکوف رکھنا ایک کلچر کا روپ اختیار کرگیا ۔حکومتوں کی لاپرواہی اور مہنگائی بے روزگاری نے چوریوں اور ڈکیتیوں میں اضافہ کردیا ۔ پولیس افسران سفارش پر تعینات ہونے لگے ۔ عام آدمی کی شنوائی نہ سرکار میں رہی اور نہ ہی دربار میں رہی ۔
راولپنڈی سمیت پنجاب میں ایسے ایسے افسران گزرے جنہوں نے عام آدمی کی فریاد سننے کے لئے اپنے دفاتر کھلے رکھے ۔ ایسے بھی گزرے جنہوں نے عام آدمی سے ملنا گوارہ نہیں کیا ۔راولپنڈی میں رائو محمد اقبال ریٹائر ڈی آئی جی ۔ ناصر خان درانی (مرحوم) فخر سلطان راجہ موجودہ ایڈیشنل آئی جی کے پی کے ۔ احسن یونس موجودہ انچارج سیف سٹی پنجاب پولیس لاہور۔ اسرار عباسی موجودہ ڈی آئی جی ایف آئی اے ۔ جو راولپنڈی میں عام آدمی کے لئے کسی مسیحا سے کم نہیں تھے ۔۔ اسی طرح بہت سے دوسرے افسران ایسے ایسے راولپنڈی میں تعینات رہے جو عام آدمی کی فریاد خود سنتے تھے ۔اسی طرح پنجاب میں ایسے ایسے آئی جی تعینات رہے جنہوں نے پولیس ملازمین کے ساتھ ساتھ تھانہ کلچر تبدیل کیا .
آج موجودہ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس شہداء ، غازی اور نچلے درجے کے ملازمین کے ساتھ تھانہ کلچر تبدیل کردیا۔ تھانوں کو جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ آراستہ کیا ۔ آئی جی پنجاب نے ملاقات میں بتایا تھا کہ آج جو کچھ پنجاب پولیس شہداء ، غازیوں ،نچلے درجے کے ملازمین کے جو کچھ کر رہا ہوں اس کے لئے میری ٹیم کا کردار تو ہے ہی لیکن سب سے بڑا کردار احسن یونس ہیں ۔ راولپنڈی میں تعینات موجودہ سی پی او اور آر پی او کو آئی جی پنجاب نے نئے تھانے جدید آلات ، جدید ٹیکنالوجی فراہم کردی ہے۔ عام آدمی کے لئے اپنے دروازے کھلے رکھیں ۔ سالوں سے تعینات ایسے پولیس افسران جو بار بار راولپنڈی میں ہی سفارشی تعینات ہونے میں اپنی بقا سمجھتے ہیں اُن پر نظر رکھیں ۔ اہل اقتدار سفارشی تعیناتی سے باز رہیں ۔ پولیس افسران سیاسی آقائوں کی خدمت داری حکم بجا آوری میں ہمہ تن مصروف نہ رہیں ۔ عام آدمی کا سٹیٹ پر اعتماد بحال کرنے میں کردار ادا کریں۔ راولپنڈی حساس ترین شہر ہے یہاں ہمارے قومی سلامتی کے ادارے موجود ہیں ۔ قومی سلامتی کو مد نظر رکھتے ہوئے قومی فریضہ ادا کریں ۔ جہاں عوام الناس کے حقوق کی حفاظت ہوتی ہے وہاں پر جرائم سے پاک معاشرہ قائم رہتا ہے۔








