رحیم یار خان (باغی ٹی وی) صادق آباد کے علاقے ماہی چوک کے قریب واقع شیخانی پولیس چوکی پر کچے کے درجنوں ڈاکوؤں نے رات کی تاریکی میں راکٹ لانچرز اور جدید اسلحے سے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں ایلیٹ فورس کے 5 اہلکار شہید جبکہ 2 زخمی ہو گئے۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو بھی ہلاک ہو گیا۔ شہید اہلکاروں کی شناخت محمد عرفان، محمد سلیم، خلیل احمد، غضنفر عباس اور نخیل حسین کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق شہید ہونے والے 3 اہلکاروں کا تعلق بہاول نگر جبکہ 2 کا تعلق رحیم یار خان سے ہے۔ یہ تمام اہلکار گزشتہ 6 ماہ سے کچے کے علاقے میں ڈیوٹی سرانجام دے رہے تھے۔ شہدا کی تدفین مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ کی جائے گی۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر ڈی پی او عرفان علی سموں پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور جوابی کارروائی کی قیادت کی۔ پولیس کے مطابق ڈاکوؤں کا تعاقب جاری ہے اور علاقے میں سرچ آپریشن مزید تیز کر دیا گیا ہے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے آر پی او بہاولپور سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے ڈی پی او رحیم یار خان کو فائرنگ میں ملوث تمام ڈاکوؤں کی فوری گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس اپنے شہدا کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دے گی۔
آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ بزدلانہ حملے سے پولیس کا مورال پست نہیں ہوگا، بلکہ ان قربانیوں سے ہمارے عزم کو مزید تقویت ملتی ہے۔ انہوں نے شہید اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ریاست دشمن عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا اور کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن بھرپور طاقت کے ساتھ جاری رہے گا۔
پولیس ترجمان کے مطابق حملہ انتہائی منظم طریقے سے کیا گیا اور ڈاکو راکٹ لانچر اور خودکار ہتھیاروں سے لیس تھے۔ تاہم پولیس جوانوں نے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے ایک ڈاکو کو مار گرایا اور دیگر کی تلاش جاری ہے۔
علاقے میں صورتحال تاحال کشیدہ ہے جبکہ پولیس کی بھاری نفری موقع پر موجود ہے۔ مقامی افراد نے بھی شہید اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے حکومتی سطح پر سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔