میرپور،باغی ٹی وی (نامہ نگار شاہ زیب شاہ) آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی سربراہی میں میرپورخاص رینج میں محرم الحرام کے حوالے سے ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا ،اجلاس میں ڈی آئی جی میرپورخاص رینج ذوالفقار علی مہر ، ایس ایس پی میرپورخاص کیپٹن (ر)اسد علی چوہدری اور میرپورخاص ڈویژن سے تعلق رکھنے والے اہل تشیع علماء، ذاکرین اور منتظمینِ جلوس و مجالس پر مشتمل سات رکنی وفد جن میں سید حمزہ نقوی منتظم اعلیٰ درگاہ مکھن شاہ وممبر پیس کمیٹی میرپورخاص ، ڈاکٹر ثاقب کاظمی صوبائی نائب صدر سندھ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ و ممبر پیس کمیٹی میرپورخاص ، سید ذوالفقار علی شاہ متولی بخاری امام بارگاہ سامارو وممبر ڈسٹرکٹ پیس کمیٹی عمرکوٹ ، عباس علی شاہ متولی مرکزی امارم بارگاہ پنج پیر عمرکوٹ ، غضنفر علی متولی کہری امام بارگاہ عمرکوٹ، فقیر صابر علی صوبائی نائب صدر شیعہ علماء کونسل و انچارج عزاداری سیل مٹھی ، ذیشان حیدر عزاخانہ زہرا مٹھی نے شرکت کی،اجلاس میں یکم تاعاشورہ محرم اور بعدازاں سوئم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر ترتیب دیئے جانیوالےکنٹی جینسی پلان پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور مزید ضروری تجاویز اور سفارشات پیش کیں۔
وفد کے اراکین نے رواں سال یکم تا دس محرم پولیس کی جانب سے فول پروف کنٹی جینسی پلان کی ترتیب اور اسکے تحت اختیارکردہ مجموعی سیکیورٹی اقدامات پر اپنے مکمل اطمینان کا اظہار کیا اور اپنی جانب سے پولیس کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر اجلاس میں شریک وفد نے یہ بھی یقین دلایا کہ وہ باہمی محبت اخوت اوربھائی چارگی کی فضاء کو نہ صرف پروان چڑھائیں گے بلکہ باہمی روابط کو مزید تقویت دیتے ہوئے ضلعوں کی سطح پر بین المسالک/مکاتب ہم آہنگی کے فروغ جیسے اقدامات کو اسکی روح کے مطابق انفرادی اوراجتماعی کاوشوں سے بھی یقینی بنائیں گے۔
آئی جی سندھ نے ڈی آئی جی میرپورخاص کو ہدایات دیں کہ کنٹی جینسی پلان میں یکم تا عاشورہ سیکیورٹی اقدامات سمیت چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر بھی تمام جلوسوں،مرکزی جلوس،مجالس ودیگر اجتماعات کی سیکیورٹی کو فول پروف بنایا جائے اور اس حوالے سے رینجرز سندھ وقانون نافذ کرنیوالے دیگر اداروں/انٹیلی جینس ایجنسیوں سے مربوط روابط پر خصوصی فوکس رکھا جائے جبکہ محرم کنٹی جینسی پلان کی ترتیب میں اہل تشیع اور اہلسنت علماء/ذاکرین کی جانب سے پیش کردہ تجاویز اور مشاورت کو بھی شامل کیا جائے۔اجلاس کے اختتام پر وفد کے شرکاء نے ملک وقوم کی ترقی خوشحالی اور سالمیت کی مشترکہ طور پر دعا کی۔








