انسپکٹرجنرل آف پولیس خیبر پختونخوا اختر حیات خان نے آج لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور کا دورہ کیا ۔جہاں انہوں نے نامعلوم شرپسندوں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے ڈی ایس پی کاٹلنگ فاروق زمان کی عیادت کی ۔
لیڈی ریڈنگ ہسپتال پہنچنے پر آئی جی پی نے زخمی ڈی ایس پی فاروق زمان سے ملاقات کر کے ان کی خیریت دریافت کی ۔آئی جی پی نے زخمی ڈی ایس پی سے رونماہونے والے واقعے کے بارے میں بھی دریافت کیا اور ان کی جرات وبہادری اور فرض شناسی کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ۔آئی جی پی نے ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹروں سے زخمی ڈی ایس پی کو اب تک فراہم کردہ علاج معالجے کے بارے میں دریافت کیا آئی جی پی نے ڈاکٹروں سے کہا کہ ڈی ایس پی فاروق زمان پولیس فورس کا قیمتی اثاثہ ہیں اور انہیں ہر ممکن بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ۔آئی جی پی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ زخمی ڈی ایس پی کے علاج معالجے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی جائے گی اور اس بزدلانہ واقعہ میں ملوث عناصر کو بہت جلد بے نقاب کرکے قرار واقعی سزا دی جائے گی ۔آئی جی پی نے زخمی ڈی ایس پی کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا اور ان کی جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔

Shares: