وزیراعظم کی زیرصدارت حکومتی ترجمانوں کا اجلاس،اعلامیہ جاری

سوشل میڈیا سمیت ذرائع ابلاغ کے تمام پلیٹ فارم پر موثر، جامع اور بروقت ردعمل دیا جائے
pm shehbaz

اسلام آباد: وزیراعظم کی زیرصدارت حکومتی ترجمانوں کا اجلاس، وزیراعظم آفس نے اعلامیہ جاری کر دیا-

باغی ٹی وی : اعلامیے کے مطابق ریاستی ، قومی اور عوامی مفادات کے فروغ، دفاع اور بیانیہ سازی کے لئے حکمت عملی مرتب کرلی گئی وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت وزیراعظم ہاؤس میں پارٹی اور حکومت کی میڈیا سٹرٹیجی کے حوالے سے اجلاس ہوا ،اجلاس میں میڈیا اور حکومت کی ترجمانی کرنے والے پارٹی رہنماؤں اور وزرا نے شرکت کی-

اعلامیے میں بتایا گیا کہ مجموعی صورتحال، میڈیا میں آنے والے موضوعات اور حکومت وجماعت کے موقف کو بھرپور اجاگر کرنے کے حوالے سے امور کا تفصیلی جائزہ لیاگیا، شہدائے وطن کے حوالے سے میڈیا میں ایک جماعت سے وابستہ عناصر کی منفی مہم کی شدید مذمت کی گئی ،پاکستان کے مفادات کو نقصان پہنچانے، قومی وقار اور مفادات کے منافی چلائی جانے والی شرانگیز مہم کا بھرپور جواب دینے کا فیصلہ کیا گیا-

فیصلے میں کہا گیا کہ سوشل میڈیا سمیت ذرائع ابلاغ کے تمام پلیٹ فارم پر موثر، جامع اور بروقت ردعمل دیا جائے، اجلاس میں مختلف تجاویز پر غور کیاگیا،وزیراعظم نے کہا کہ وفاق اور چاروں صوبوں سے پارٹی اور حکومتی موقف کی ترجمانی کے لئے سینئر لیڈرز کی راہنمائی میں ترجمان مقرر کئے جائیں-

وزیراعظم نے پارٹی اور پارلیمنٹ کے ارکان میں میڈیا میں نمائندگی کی صلاحیت رکھنے والے زیادہ سے زیادہ افراد کو ذمہ داریاں دینے کی ہدایت کی، کہا کہ وفاق اور چاروں صوبوں میں حکومتی وزراء، پارٹی راہنماؤں، ارکان پارلیمان کے درمیان اشتراک عمل پیدا کیاجائے،-

ٹی وی پروگراموں کے لئے سینٹرلائزڈ میکنزم تشکیل دینے کا بھی فیصلہ کیاگیا،موضوعات کی نشاندہی، بیانیے کی تشکیل، فیک اور گمراہ کن پراپیگنڈے کے فوری تدارک کا فیصلہ کیا گیا سچائی اور حقیقت کو فوری اور موثر انداز میں عوام تک پہنچانے کے لئے طریقہ کار بھی تیار کرنے کی ہدایت کی گئی-

Comments are closed.