فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ معرکہ حق میں شکست سے دوچار بھارت دہشتگرد گروہوں کے ذریعے ہائبرڈ جنگ کو بڑھا رہا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے 16 ویں سیشن کے شرکاء سے ملاقات کی، جس میں سول سرونٹس اور ماہرین تعلیم بھی شریک ہوئے۔

جنرل عاصم منیر نے بھارت کی جانب سے دہشتگرد عناصر کی سرپرستی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فتنہ الہندوستان اورفتنہ الخوارج کا انجام وہی ہو گا جو معرکہ حق میں ان کے آقاؤں کا ہوا، دہشتگردی نہ مذہب دیکھتی ہے نہ فرقہ اور نہ ہی نسل، دہشتگردی کے خاتمے کے لیے قومی سطح پر اجتماعی عزم اور یکجہتی ضروری ہے۔

آرمی چیف نے بھارت کی جانب سے دہشت گرد عناصر کی سرپرستی کو بلوچستان کے عوام کی حب الوطنی کو نشانہ بنانے کی ناکام کوشش قراردیتے ہوئے کہا کہ ملک کو درپیش داخلی یا خارجی خطرات کی صورت میں قومی وقار اور عوام کی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا، پاکستان علاقائی امن کیلئے پرعزم ہے مگر ہر خطرے کا بھرپور جواب دینے کو تیار ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کی تجارتی معاہدہ نہ ہونے پر بھارت کو دھمکی

آرمی چیف نے بلوچستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کو پاکستان کی قومی یکجہتی اور استحکام کے لیے ناگزیر قرار دیا۔ فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاک فوج دہشتگردی کی لعنت کے مکمل خاتمے تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھارت کی جانب سے دہشتگرد گروہوں کی کھلی سرپرستی کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کے محبِ وطن عوام، خاص طور پر بلوچ عوام کی حب الوطنی کو کمزور کرنے کی ایک ناکام کوشش ہے۔

قصور دریائے ستلج میں سیلاب کے خدشے کے پیش نظر ہدایات جاری

فیلڈ مارشل نے بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے بین الاقوامی اداروں سے تعاون کو مزید بہتر بنانے اور صوبے کی ترقی کے لیے مشترکہ قومی حکمت عملی اپنانے پر زور دیا،انہوں نے علاقائی امن کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کو بھی دہرایا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق نشست کا اختتام آرمی چیف اور شرکاء کے درمیان آزادانہ اور بھرپور سوال و جواب کی نشست پر ہوا۔

Shares: