لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی بہنوں کی عبوری ضمانت میں 16 مارچ تک توسیع کردی۔
باغی ٹی وی : انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں سابق وزیراعظم عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کے خلاف 9 مئی مقدمات کی سماعت ہوئی، جج ارشد جاوید نے کیس پر سماعت کی، دوران سماعت عدالت نے مسلم لیگ (ن) ہاؤس حملہ سمیت 9 مئی کے دیگر مقدمات میں عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی عبوری ضمانت میں 16 مارچ تک توسیع کا حکم دے دیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ کیس میں عظمیٰ خان اور علیمہ خان کی عبوری ضمانت میں 12 مارچ تک توسیع کردی، لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں مقدمے کی سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی کی بہنوں نے پاکستان تحریک انصاف کی رہنما مسرت جمشید چیمہ کو ڈانٹ پلادی، عمران خان کی بہنوں کی کمرہ عدالت میں مسرت جمشید چیمہ سے گفتگو ہوئی، دوران گفتگو مسرت جمشید چیمہ نے عظمیٰ خان اور علیمہ خان کو مقدمات اور روپوشی کے دوران تکالیف سے آگاہ کیا، جس پر دونوں نے مسرت جمشید چیمہ کو ڈانٹ دیا۔
علیمہ خان کا کہنا تھا کہ جب بھائی کو ضرورت تھی تو آپ لوگ چھپے ہوئے تھے، پارٹی پر مشکل وقت تھا تو آپ نے پریس کانفرنس کی اور بانی پی ٹی آئی کو ضرورت تھی تب آپ ساتھ چھوڑ گئیں،آپ بانی پی ٹی آئی کی سب سے قریب ترین تصور کی جاتی تھیں، آج آپ مجھے مجبوریاں سنا رہی ہیں، سیاستدان تو جیل کے بغیر نامکمل تصور کیے جاتے ہیں، مسرت جمشید چیمہ علیمہ خان کی باتیں سن کر خاموش ہو گئیں۔
واضح رہے کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی دونوں بہنوں کے خلاف تھانہ ماڈل ٹاؤن اور نصیر آباد میں مقدمات درج ہیں۔