اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے بانی عمران خان کی ہدایت پر ان کے تین ترجمان مقرر کردئیے ہیں، اس حوالے سے تحریک انصاف کی جانب سے ایک نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا ہے۔
باغی ٹی وی : نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایات پر ان کے تین ترجمان مقرر کئے جا رہے ہیں، بیرسٹر گوہرعلی خان، سلمان اکرم راجہ اور عمر ایوب بانی پی ٹی آئی کے ترجمان ہوں گے۔
دوسری جانب سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی متحرک ہو گئی ہیں، بشریٰ بی بی نے پشاور میں رہ کر پی ٹی آئی کی کمان سنبھال لی ہے اور 24 نومبر کو ہونے والے احتجاج بارے اجلاسوں کی صدارت اور ملاقاتیں کرنا شروع کر دی ہیں، بشریٰ بی بی اڈیالہ جیل سے رہائی کے بعد پشاور پہنچیں، عمران خان کی ہدایات پر وہ متحرک ہوئی ہیں-
اطلاعات کے مطابق بشریٰ بی بی نے مختلف سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتیں شروع کر دی ہیں اور پارٹی کے تنظیمی معاملات پر تبادلہ خیال کیا ہےبشریٰ بی بی کا مقصد تحریک انصاف کے کارکنان میں اتحاد اور حوصلہ بحال کرنا ہے۔








