پشاور: سابق صدر اور رہنما پی ٹی آئی عارف علوی کا کہنا ہے کہ عمران خان کو رہا کرنا پڑے گا اور حکومت کے پاس اس کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے،بانی پی ٹی آئی کے لیے جان دینےکو تیار ہوں۔

باغی ٹی وی : تحریک انصاف کے پشاور سے نکلنے والے قافلے میں شریک سابق صدر عارف علوی نے کہا کہ آج تک بانی پی ٹی آئی کی کوئی کال ناکام نہیں ہوئی، مذاکرات کا وقت ختم ہوگیا، حکومت کو عمران خان کو رہا کرنا پڑے گا کیونکہ ان کے اس کے علاوہ کئی اور چارہ نہیں ہے، بانی پی ٹی آئی نے آج تک کوئی سمجھوتہ نہیں کیا، اسی لیے اگر الیکشن کے دن 70 فیصد لوگ ہمارے ساتھ تھے تو آج 90 فیصد لوگ ہمارے ساتھ ہیں ، دنیا سوال اٹھا رہی ہےکہ یہ لوگ اپنے ملک کے ساتھ کیا کر رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی کے لیے جان دینےکو تیار ہوں۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف نے آج اسلام آباد کی جانب مارچ کی کال دے رکھی ہے جبکہ انتظامیہ نے احتجاج کے پیش نظر دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف راستوں کو بند کردیا ہے جب کہ تمام راستوں پر پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری تعینات ہے، آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی کا کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت کی سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور قانون ہاتھ میں لینے والوں پر سنگین دفعات کے تحت مقدمات درج ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی شر انگیزی سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں، اسلام آباد میں کسی قسم کے احتجاج، ریلی یا مجمعے پر پابندی ہے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی،سکیورٹی پلان کا مقصد شر انگیزی کو روکنا ہے-

Shares: