سابق وزیراعظم عمران خان نے اپنے خلاف تھانہ سیکرٹریٹ میں درج مقدمے کو خارج کرنے کی درخواست دے دی۔
باغی ٹی وی: تفصیلات کے مطابق درخواست عمران خان کے وکیل سردار مصروف خان عابد نے تھانہ سیکرٹریٹ اسلام آباد میں جمع کروائی ہے۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ مقدمہ تحریک انصاف کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کیلئے درج کیا گیا، ہمیشہ قانون کی بالادستی و حمکرانی پر یقین رکھا میرے خلاف مقدمے کو خارج کیا جائے۔
واضح رہے کہ عمران خان پرالیکشن کمیشن کےفیصلے کے خلاف احتجاج کرنے پر مقدمہ درج کیاگیا تھا عمران خان کے خلاف اقدام قتل اور کارِسرکار میں مداخلت کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے اور یہ مقدمہ محسن شاہنواز رانجھا کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔
دوسری جانب عمران خان نے منگل کے روز بینکنگ عدالت میں پیش ہونے کا فیصلہ کیا ہے لاہور زمان پارک میں عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں راولپنڈی تنظیم کے رہنماؤں اور عہدیداروں سے مشاورت کی گئی-
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عمران خان منگل کے روز بینکنگ کورٹ میں پیش ہوں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ چیئرمین تحریک انصاف کے ساتھ پارٹی کے سینیئر رہنما بھی عدالت جائیں گے راولپنڈی ڈویژن کےعہدیداروں کو عمران خان کے استقبال کی ہدایت کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ بینکنگ کورٹ اسلام آباد نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو 28 فروری کوپیش ہونےکا حکم دیا ہے۔