اسلام آباد: 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کیس میں احتساب عدالت نےپی ٹیآئی کے بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 342 کا سوال نامہ فراہم کر دیا۔
باغی ٹی وی : احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر سماعت اڈیالہ جیل میں کی، بانی پی ٹی آئی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا جبکہ بشریٰ بی بی بھی پیشی کے لیے موجود تھیں، نیب کے پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی اور امجد پرویز ٹیم کے ہمراہ پیش ہوئے جبکہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر بھی عدالت میں موجود تھے۔
احتساب عدالت نے عمران خان اور بشری بی بی کو 342 کا سوال نامہ فراہم کر دیا،سوال نامے میں سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس سے متعلق 79 سوالات پوچھے گئے ہیں۔
سوال نامہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی موجودگی میں ان کے وکیل سلمان صفدر نے وصول کیاعمران خان اور بشریٰ بی بی کی جانب سے 11 نومبر کو 342 کے سوال نامے کے جواب عدالت میں جمع کروائے جائیں گے،بعد ازاں اسلام آباد کی احتساب عدالت نے عمران خان اور بشری بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر سماعت 11 نومبر تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ 6 نومبر کو عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس حتمی مرحلے میں داخل ہو گیا تھا، جہاں وکلا صفائی نے 35 گواہوں پر جرح مکمل کر لی تھی۔
342 کا بیان کیا ہوتا ہے؟
ضابطہ فوجداری کی دفعہ 342 کے تحت ملزمان سے ان کا موقف سنتے ہیں،عدالت کی جانب سے دیے گئے موقع پر ملزم چاہے تو اپنی صفائی میں کچھ کہہ سکتا ہے، اسے 342 کا بیان بھی کہتے ہیں ملزم کا بیان زیر دفعہ 342 (ض) (ف) قلمبند کرتے ہوئے عدالت خود ملزم سے سوالات کرتی ہے اور وہ ان سوالات کے جواب دیتا ہے۔