لاہور:لاہور ہائیکورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) عمران خان کے خلاف غداری سے متعلق درخواست نمٹا دی۔
باغی ٹی وی : عمران خان کے خلاف غداری کی کارروائی کے لئے دائر درخواست کی لاہور ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی، درخواست گزار کے وکیل اے کے ڈوگر کے انتقال کے باعث ان کے بیٹے نے عدالت سے درخواست واپس لینے کی استدعا کی عدالت نے درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ عمران خان ن لیگی حکومت کے خلاف احتجاج اور دھرنے دے کر عدم استحکام پیدا کر رہے ہیں، عدالت بانی پی ٹی آئی کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کا حکم دے۔
قبل ازیں سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن سے متعلق نظرثانی کی اپیل خارج کرتے ہوئے 13 جنوری کا فیصلہ برقرار رکھا اور عدم پیروی کے باعث نظر ثانی درخواست خارج کر دی، سپریم کورٹ نے کہا کہ عدالت نے فریقین کے وکلا کو ایک اور موقع دیا لیکن کیس پر دلائل نہیں دیے گئے، ہمارے 13 جنوری کے فیصلے میں کوئی غلطی ثابت نہیں کی جا سکی لہٰذا نظرثانی درخواست خارج کی جاتی ہیں۔