زندگی کے طویل اور بے سمت سفر میں کبھی کبھار کچھ لمحے ایسے اترتے ہیں جیسے خزاں رسیدہ دنوں میں اچانک بہار کی ایک نرم جھونک آ جائے۔ یہ لمحے وقت کے دامن پر جگنوؤں کی طرح چمکتے رہتے ہیں ، نہ مٹنے والے، نہ بھلانے والے، انہی نایاب لمحوں میں سے ایک لمحہ اُس روز رقم ہوا جب ننکانہ صاحب کی محترمہ رفعت کھراپنی دوست کے ہمراہ لاہور آئیں،ان کی آمد گویا شہرِ ادب کے موسم میں تازگی کا نیا رنگ بھر گئی،رفعت کھر کی شخصیت پہلی ہی نگاہ میں دل پر ایک خوشگوار تاثر چھوڑ جاتی ہے، وہ گفتگو کرتی ہیں تو لگتا ہے جیسے لفظ خوشبو بن کر فضا میں تحلیل ہو رہے ہوں، ہر جملے میں سلیقہ، ہر مسکراہٹ میں شائستگی، اور ہر نظر میں ایک نرم روشنی ، جیسے ادب نے انسان کی صورت اختیار کر لی ہو،ان کے ہمراہ ان کی ایک مخلص دوست بھی تھیں، جن کے لبوں پر خلوص اور آنکھوں میں اپنائیت کی چمک تھی۔ وہ دونوں جب محفل میں آئیں تو فضا بدل گئی۔ باتوں کا سلسلہ یوں چلا جیسے پرانے دوست برسوں بعد ملے ہوں۔ ابتدا رسمی گفتگو سے ہوئی، مگر جلد ہی دلوں کے در وا ہونے لگے، اور موضوعات ادب، محبت اور زندگی کے مختلف رنگوں پر جا پہنچے۔

رفعت کھر کا لہجہ نرمی سے بھرا ہوا تھا، مگر اس نرمی میں وہ اعتماد بھی شامل تھا جو صرف اُن لوگوں میں ہوتا ہے جو دل سے لکھتے ہیں اور دل سے جیتے ہیں،ان کی باتوں میں سچائی کی وہ خوشبو تھی جو دکھاوا نہیں کرتی،رفعت کھر صرف لکھنے والی نہیں، محسوس کرنے والی روح ہیں۔ ان کے اندازِ بیان میں وہ سلیقہ ہے جو محبت کو مروّت میں ڈھال دیتا ہے، اور ان کے چہرے کی روشنی سے اندازہ ہوتا ہے کہ لفظ جب دل سے نکلیں تو چہرے پر ان کا عکس لازماً جھلکتا ہے۔یہ ملاقات محض چند ساعتوں کی تھی، مگر دلوں کی قربت نے اسے یادگار بنا دیا۔ گفتگو کے موضوعات ادب سے نکل کر احساسات تک جا پہنچے، اور ہر جملہ ایک خوشبو کی طرح فضا میں گھلتا چلا گیا۔ وقت کے لمحے تھم سے گئے، اور یوں لگا جیسے یہ نشست ختم نہ ہو ، یہ رفاقت اپنی طوالت خود لکھ رہی ہو۔

دوستی کے باب میں یہ ایک نئی تحریر کا پہلا حرف تھا ، وہ حرف جو وقت کی کتاب پر ہمیشہ روشن رہے گا،
کچھ رشتے نصیب سے ملتے ہیں، اور کچھ دل کے خلوص سے، رفعت کھر جیسی باوقار، خوش مزاج اور سراپا محبت شخصیت سے ملاقات نے یہ یقین پختہ کر دیا کہ ادب دراصل انسانیت کا دوسرا نام ہے،یہ تعلق اب لفظوں سے بڑھ کر ایک احساس بن چکا ہے ، اور یہی احساس ہر ملاقات کے بعد دل میں ایک نرم سی روشنی چھوڑ جاتا ہے۔

Shares: