حافظ آباد،باغی ٹی وی (خبرنگارشمائلہ) پنڈی بھٹیاں میں رمضان نگران پیکیج میں سنگین بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے مستحق افراد کو راشن کی بجائے 10 ہزار روپے نقد ادا کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، تاہم بعض عناصر اس سرکاری امداد میں غیر قانونی کٹوتی کر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اردو بازار سٹی، پنڈی بھٹیاں میں واقع کھوکھر کمیونیکیشن ایچ بی ایل کنیکٹ کے آپریٹرز جاوید حسین کھوکھر اور محمد قاسم علی کھوکھر اس پیکیج میں بدعنوانی کے مرتکب پائے گئے ہیں۔ یہ افراد ہر مستحق فرد کے 10 ہزار روپے میں سے 500 روپے ناجائز طور پر کاٹ رہے ہیں، جو کہ ایک کھلی دھاندلی ہے۔
مقامی افراد نے اس سنگین معاملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ان بدعنوان عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ مستحقین کو ان کا پورا حق مل سکے۔ عوام کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے بروقت اقدامات نہ کیے تو رمضان نگران پیکیج کے اصل مقصد کو شدید نقصان پہنچے گا اور غریب عوام مزید مشکلات کا شکار ہو جائے گی۔
ویڈیو دیکھنے کیلئے اس لنک پر کلک کریں
https://x.com/BaaghiTV/status/1897128471614382273
اہل علاقہ نے وزیراعلیٰ پنجاب، متعلقہ بینکنگ حکام اور انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ کھوکھر کمیونیکیشن ایچ بی ایل کنیکٹ کے ان آپریٹرز کے خلاف تحقیقات کرکے غیر قانونی کٹوتی کو روکا جائے اور عوام کو پورا حق دلایا جائے۔