اوچ شریف(باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان ) ایم فائیو موٹروے پر ظاہر پیر سے ملتان کے درمیان ٹرانسپورٹرز کی جانب سے من مرضی کے غیر قانونی اسٹاپس قائم کر دیے گئے ہیں، جس سے نہ صرف حادثات میں اضافہ ہو رہا ہے بلکہ جرائم کی وارداتیں بھی بڑھ رہی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق، موٹروے پر اوچ شریف کے مختلف مقامات پر موٹر وے پولیس اور ٹرانسپورٹرز کی ملی بھگت سے بسیں کھلے عام سواریاں اتار چڑھاتی ہیں۔ موٹروے قوانین کے تحت ویرانے میں گاڑی روکنا اور پیدل کراسنگ کرنا سختی سے منع ہے، مگر اس کی خلاف ورزی معمول بن چکی ہے۔

ان غیر قانونی اسٹاپس پر پک اینڈ ڈراپ کا سلسلہ زور و شور سے جاری ہے جس کی وجہ سے حادثات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی، ان مقامات پر جرائم کی وارداتوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

سی پیک کے قریب رہنے والے مقامی شہری اس صورتحال پر سخت پریشانی کا شکار ہیں اور خود کو غیر محفوظ محسوس کرتے ہیں۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس غیر قانونی سرگرمی کا نوٹس لیا جائے اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

Shares: