سیالکوٹ(باغی ٹی وی بیوروچیف، شاہد ریاض) گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول چپراڑ کی گراؤنڈ پر ناجائز تجاوز کی کوشش ناکام، اہل علاقہ اور اسکول انتظامیہ کی بروقت کارروائی
تفصیل کے مطابق گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول چپراڑ کی گراؤنڈ پر ناجائز قبضے کی کوشش کو اسکول انتظامیہ اور اہل علاقہ کے معززین نے مشترکہ کوشش سے ناکام بنا دیا۔ واقعہ موسم گرما کی تعطیلات کے دوران پیش آیا جب گاؤں چپراڑ کے چند بااثر افراد نے محکمہ مال کے ملازمین کے تعاون سے اسکول گراؤنڈ پر قبضہ کرنے کی کوشش کی۔ تاہم اسکول انتظامیہ، اہل علاقہ اور علاقے کی سرکردہ شخصیات کی فوری کارروائی سے اس تجاوز کی کوشش ناکام بنادی گئی۔
اس کارروائی میں سابق ناظم یونین کونسل چپراڑ، چیئرمین یونین کونسل محمد اعجاز، مسلم لیگ (ن) کے رہنما ڈاکٹر محمد الیاس، ٹیچر سر آصف محمود، اسکول کے پرنسپل محمد احسن نزیر، اور چپراڑ بالا کے نمبردار محمد سلیم نے اہم کردار ادا کیا۔ ان کی بروقت مداخلت نے ممکنہ قبضے کو روکتے ہوئے اسکول کی حدود کو بچا لیا۔
اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ انم بابر کی ہدایت پر تحصیل دار سیالکوٹ محمد سلیم راں نے علاقے کا دورہ کیا اور مقامی لوگوں کی موجودگی میں اسکول کی حدود کی نشاندہی کی۔ اس کارروائی میں اسکول کی گراؤنڈ کو موجودہ حالت میں درست پایا گیا، جس پر علاقہ مکینوں نے انم بابر اور تحصیل دار کا شکریہ ادا کیا۔
علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا کہ اس نشاندہی کے بعد اسکول کی حدود کی مکمل رپورٹ تیار کی جائے تاکہ آئندہ ایسی کسی بھی غیر قانونی کوشش کا سدباب کیا جا سکے۔








