آئی ایم ایف نے پاکستان سے کرپشن کے خاتمے کیلئے قائم ذمہ دار ایجنسیوں نیب، ایف آئی اے اورصوبائی اینٹی کرپشن اداروں کی خود مختاری اور ان میں جامع اصلاحات کی سفارش کردی ۔

نجی ٹی وی کے مطابق آئی ایم ایف کی گورننس و کرپشن رپورٹ کے مطابق نیب اور صوبائی انسداد بدعنوانی کے اداروں کو آزاد اور خود مختار کیا جائے اور اعلیٰ سطح کی کرپشن تحقیقات کو مؤثر بنانے کیلئے نیب کےسربراہ کی تعیناتی کے عمل کو بہتر بنایاجائے ، نیب کی تحقیقاتی صلاحیتوں کو بڑھایا جائے اور ان اداروں کے اندراحتساب کے عمل کو یقینی بنایاجائے،آئی ایم ایف نے مطالبہ کیا ہے کہ ملک میں شفافیت اور احتساب کو یقینی بنانے کےلیے اعلی ٰ سرکاری افسران کے اثاثوں ، اختیارات اور وسائل کو جمع کرنے، ڈیجیٹائز کرنے اور ظاہر کرنے کےلیے ایف بی آر، پارلیمنٹ اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن پر مشتمل مرکزی اتھارٹی قائم کی جائے، پاکستان کے انسداد بدعنوانی کےلیے کام کرنے والے تین اداروں نیب، ایف آئی اے اور صوبائی اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کے اداروں میں رسک بیسڈ اپرو چ اختیار کی جائے، مشکوک ٹرانزیکشن کی نشاندہی، کرپشن تک رسائی اور تحقیقات کے لیے نیب ، آڈیٹر جنرل آف پاکستان اور ایف بی آر کے مابین معلومات کے تبادلے اور رابطوں کو بڑھایا جائے۔

Shares: