اسلام آباد: انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کا اعلیٰ سطحی وفد آج وزارتِ خزانہ پہنچ گیا، جہاں پاکستان کے ساتھ دوسرے ششماہی اقتصادی جائزہ مذاکرات جاری ہیں۔ یہ مذاکرات اپنے پانچویں روز میں داخل ہوچکے ہیں۔

ذرائع وزارتِ خزانہ کے مطابق آئی ایم ایف کا وفد وزیر خزانہ اور اعلیٰ حکام سے ملاقات کرے گا۔ اس دوران وزیر خزانہ وفد کو پاکستان کے میکرو اکنامک اہداف، مجموعی معاشی کارکردگی اور مالیاتی حکمتِ عملی سے آگاہ کریں گے۔ اجلاس میں ٹیکس محاصل اور مالیاتی شعبے کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان عالمی ریٹنگ ایجنسیوں کی جانب سے ریٹنگ میں بہتری کے بارے میں آئی ایم ایف وفد کو آگاہ کرے گا۔ اسی سلسلے میں صوبائی حکومتوں کے نمائندوں اور آئی ایم ایف مشن کے درمیان ملاقات بھی شیڈول ہے۔ ان ملاقاتوں میں صوبائی حکومتوں کی معاشی کارکردگی، بجٹ سرپلس، زرعی آمدن پر ٹیکس وصولی اور دیگر مالیاتی امور پر تبادلۂ خیال ہوگا۔

مزید برآں، صوبائی نمائندے آئی ایم ایف ٹیم کے ساتھ تکنیکی سطح کے مذاکرات میں متعلقہ مالیاتی و اقتصادی ڈیٹا بھی شیئر کریں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے حکام ٹیکس ریونیو کی موجودہ صورتِ حال اور اصلاحاتی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دیں گے۔نجی ٹی وی کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں پہلی سہ ماہی کے دوران ٹیکس ریونیو میں ممکنہ کمی اور اس کے حل کے لیے تیار کردہ تجاویز پر بھی گفتگو ہوگی تاکہ آئی ایم ایف کو پاکستان کی پالیسی اقدامات پر اعتماد میں لیا جاسکے۔

Shares: