وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو یقین دلایا ہے کہ انکی پارٹی کے تمام تحفظات جلد دور کیے جائیں گے۔
وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی، جس میں سیاسی اور حکومتی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔پیپلز پارٹی کے وفد کی قیادت بلاول بھٹو زرداری نے کی، جبکہ وفد میں نیئربخاری، راجہ پرویز اشرف، ندیم افضل چن اور شیری رحمٰن شامل تھے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بلاول بھٹو اور ان کے وفد کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔بلاول بھٹو زرداری نے ملاقات کے دوران حکومتِ پنجاب سے متعلق پارٹی کے تحفظات وزیراعظم کے سامنے رکھے، جس پر شہباز شریف نے مکمل یقین دہانی کرائی کہ ان تحفظات کو جلد دور کیا جائے گا۔
ملاقات میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان چپقلش کا باعث بننے والے معاملات کو باہمی مشاورت سے حل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔اس سے قبل پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے وفود کے درمیان بھی ایک الگ ملاقات ہوئی تھی، جس میں اسحاق ڈار، رانا ثناء اللّٰہ، ملک احمد خان اور احد خان چیمہ نے شرکت کی۔اس سے قبل بتایا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے درمیان آج اہم ملاقات متوقع ہے جس میں پنجاب حکومت کی جانب سے پیپلز پارٹی کے خلاف جاری بیانات اور سیاسی کشیدگی پر بات چیت ہوگی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات آج شام 4 بجے وزیراعظم ہاؤس میں ہوگی۔ بلاول بھٹو اپنی پارٹی وفد کے ہمراہ وزیراعظم ہاؤس جائیں گے، جبکہ ملاقات میں مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما بھی شریک ہوں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ملاقات کا مقصد دونوں اتحادی جماعتوں کے درمیان حالیہ اختلافات کو کم کرنا اور سیاسی ماحول کو سازگار بنانا ہے۔اس سے قبل صدر آصف علی زرداری نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو کراچی طلب کیا تھا اور انہیں سندھ اور پنجاب حکومتوں کے درمیان جاری کشیدگی ختم کرنے کے لیے فعال کردار ادا کرنے کی ہدایت کی تھی۔
یاد رہے کہ 9 اکتوبر کو نوابشاہ میں آصف علی زرداری اور مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں مخالفانہ بیانات بند کرنے پر اتفاق ہوا تھا۔تاہم اختلافات اس وقت شدت اختیار کر گئے جب پیپلز پارٹی کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے استعمال اور عالمی امداد کی اپیل پر زور دیا گیا، جس پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ عوام کی خدمت کے لیے کسی کی اجازت درکار نہیں اور بھیک مانگنے کا سلسلہ ختم ہوناچاہیے.
امریکا: میڈیا اداروں کا پینٹاگون کی نئی پالیسی پر دستخط سے انکار، دفاتر خالی
پاکستان ریلوے کا نیا سرمائی شیڈول جاری، آج سے نافذ العمل
لندن میں موبائل فون چوری کا نیٹ ورک بے نقاب، ہزاروں فون ضبط
کراچی کی افغان بستی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن، 200 سے زائد گھر مسمار