جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان عمران خان کی گرفتاری کے بعد کی صورتحال ، جلاو گھیراو ، توڑ پھوڑ کی وجہ سے عمران خان پر برس پڑے، مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کو حکومت میں لانا ملک پر ڈرون حملہ کرنے کے مترادف تھا

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو بیرونی قوتوں کی جانب سے پاکستانی سیاست میں لانچ کیا گیا ، ہم 12 سال سے کہہ رہے ہیں کہ یہ لوگ پاکستانی سیاست کا غیر ضروری عنصر ہیں عمران خان سے متعلق سوشل میڈیا پر ایسی ایسی باتیں کی جاتی ہیں جو ناقابل بیان ہیں ہم نے بھی احتجاجی مظاہرے اور لانگ مارچ کیے ہیں لیکن کبھی جلاؤ گھراؤ کی طرف نہیں گئے ، تحریک انصاف والوں نے جی ایچ کیو اور کورکمانڈر ہاؤس پر حملے کیے، اب وقت آگیا ہے کہ ان کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے

مولانا فضل الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے کراچی سے لانگ مارچ کیا ،آزادی مارچ اسلام آباد تک آیا اور ہم یہاں عمران خان کی حکومت کے خاتمے کے لیے بیٹھے رہے ایک پتہ تک نہیں ٹوٹا، ہمارے رہنماوں پر قاتلانہ حملے ہوتے ہیں گولیاں چلتی ہین ردعمل میں کبھی کارکنان نے ملکی املاک کو نقصان نہیں پہنچایا، اب وقت آ گیا ہے کہ عمران خان اور اسکے سہولت کاروں کے خلاف کاروائی کی جائے جو ملک دشمنی پر اتر چکے ہیں اگر آج راستہ نہ روکا گیا تو پھر پچھتاوا ہی ہو گا

Shares: