انسداد دہشت گردی کی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے بانی عمرا خان کی بہن علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان کے بچوں کو ویزا نہ دینے کے حوالے سے وضاحت ضروری ہے۔ طلال چوہدری سے پوچھا جائے کہ آخر اس معاملے میں کیا وجہ ہے کہ عمران خان کے بچوں کو ویزا جاری نہیں کیا جا رہا۔

علیمہ خان نے بتایا کہ انہوں نے اپنے وکیل ایڈووکیٹ فیصل ملک کو کہا ہے کہ طلال چوہدری سے اس معاملے پر رابطہ کیا جائے تاکہ شفافیت اور انصاف ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ نے یہ وضاحت کی ہے کہ عمران خان کے بچوں کی ویزا درخواستوں کا ان کے محکمہ سے کوئی تعلق نہیں ہے، جبکہ ایمبیسیڈر نے کہا تھا کہ ویزا جاری کرنے کے لیے وزارت داخلہ کی اجازت لینا ضروری ہے۔عمران خان کے بچوں قاسم اور سلیمان کے ٹریکنگ نمبرز ہمارے پاس موجود ہیں، قاسم اور سلیمان کا نائیکوپ کارڈ بھی بنا ہوا تھا لیکن وہ کارڈ گم ہو چکا ہے۔ اس کے باوجود دونوں نے برطانوی پاسپورٹ پر ویزا کے لیے درخواست دے دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سلیمان اور قاسم کو پاکستان آنے سے روکنا ممکن نہیں، اور آج دوبارہ ویزا کے حوالے سے ایمبیسیڈر سے رابطہ کیا جائے گا۔ اگر ویزا نہ ملا تو وہ مزید کوشش کریں گے تاکہ یہ مسئلہ حل ہو سکے۔آخر میں علیمہ خان نے کہا کہ طلال چوہدری سے بھی ویزا کے لیے رابطہ کیا جائے گا اور ویزا اپلیکیشن کے ٹریکنگ نمبرز بھی انہیں فراہم کیے جائیں گے تاکہ معاملے میں شفافیت قائم ہو سکے۔

Shares: