وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی سعودی عرب میں ملاقات ہوئی ہے ، وزیراعظم سے افغانستان اور مصر کے صدر نے بھی ملاقات کی ہے
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق او آئی سی کے 14ویں سربراہی اجلاس کے موقع پر وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ملاقات ہوئی ہے ،ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ سیاسی، معاشی اور تجارتی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا جب کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اجلاس میں شرکت پر وزیراعظم عمران خان کا خیر مقدم کیا۔ملاقات میں سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کے دوران فیصلوں پر تیزی سےعمل درآمد اور سپریم کوارڈینیشن کونسل کے پہلے اجلاس کے فیصلوں پر بھی جلد عمل درآمد پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے مؤخر ادائیگیوں پر پاکستان کو تیل کی فراہمی پر سعودی حکومت سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کے بروقت بردارانہ اقدام سے مشکل وقت میں پاکستان کی معیشت کو مدد ملی۔
وزیراعظم عمران خان سے مصر کے صدر عبدالفتح السیسی نے ملاقات کی ہے، ملاقات کے دوران مسلم امہ کو درپیش مسائل باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور سمیت دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان اور افغان صدر اشرف غنی کی بھی ملاقات ہوئی ہے ۔ملاقات کے دوران پاک افغان دوطرفہ تعلقات، افغان مفاہمتی عمل اور خطہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
واضح رہے کہ او آئی سی اجلاس میں شرکت کے لئے وزیراعظم عمران خان سعودی عرب کے دورے پر گئے تھے.