عمران خان رجیم چینج کی بات امریکا سےایک شخص پرلےآئے:مریم اورنگزیب
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا عمران خان کے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ رجیم چینج کی بات اب امریکا سے ایک شخص پر آگئی۔
عمران خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان چار حکومتیں لے کر بیٹھے ہوئے ہیں، جھوٹوں پر اعتبار کرنے والے لوگوں کو سمجھنا چاہئے کہ یہ بہروپیا ہے، جھوٹ بولتا ہے، اپنی کہی ہوئی بات سے مکر جاتا ہے، یہ موسم سرما میں ایک بات کرتا ہے اور گرما میں دوسری بات کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے پاس آزاد کشمیر، پنجاب، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کی حکومتیں ہیں اور پھر بھی بے بس ہیں، آج پھر عمران خان نوٹنکی، جھوٹ، لفظوں کا ہیر پھیر لے کر ٹی وی پر نمودار ہوئے اور دو جھنڈے رکھ کر جھوٹ بولا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان ایک ہی بات بار بار دہراتے ہیں جو اب بے معنے ہے،آج عوام بھی عمران خان کو ٹی وی سکرین پر دیکھ کر حیران ہو گئے کیونکہ وہ سمجھے کہ عمران خان وعدے کے مطابق آج اسمبلی توڑنے کا اعلان کریں گے کیونکہ کل جمعہ ہے اور انہوں نے جمعے کو اسمبلی کی تحلیل کا وعدہ کیا تھا۔اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان چار سال ملک پر مسلط رہا، وزیراعظم کی کرسی اور منصب پر براجمان رہا، وہ چار سال بعد کہہ رہے ہیں کہ میں بے بس تھا اور بے بس ہوں، اب اُس نے ایک اور گردان دوہرائی کہ ایک ہی آدمی تھا جس نے میری حکومت بدلی، رجیم چینج کی بات امریکہ سے اب ایک آدمی پر آ گئی ہے۔
وزیراطلاعات نے کہا کہ پہلے کہا کرتے تھے کہ امریکہ نے رجیم چینج کر دی ہے اور پاکستان کی حکومت بدلی، آج وہی شخص پھر کہہ رہا ہے کہ ایک آدمی نے میری حکومت بدلی، رجیم چینج کی، مجھے قتل کرنے کا پلان بنایا۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان بالکل ٹھیک کہہ رہے ہیں وہ ایک ہی آدمی تھا، جس کا نام عمران خان ہے اور اس نے ملک کا بیڑہ غرق کیا، غریب سے روٹی چھینی، معیشت کو تباہ کیا، کشمیر کا سودا کیا، ملک کو قرضوں کے بوجھ تلے ڈبوایا اور دونوں ہاتھوں سے پاکستان کو لوٹا۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ اس ملک کے اندر مافیاز کو مسلط کر کے چوری اور ڈاکے ڈالے، وہ ایک ہی آدمی ہے جس نے اس ملک میں مہنگائی کا طوفان برپا کیا، ملک کے نوجوان کو بے روزگار کیا، خواتین، ماﺅں، بیٹیوں، بچیوں کو انگوٹھے پر لائن لگا کر رمضان کے مہینے میں قطاروں میں کھڑا کیا، بجلی کی قیمت تین گنا مہنگی کی، گیس مہنگی کی، کسان کا جینا دوبھر کیا، میڈیا کی زبان بندی کی، میڈیا کو جیلوں میں ڈال کر میسیج دیا کہ میرے خلاف بولو گے تو پیٹ میں گولیاں ماروں گا۔
انہوں نے کہا کہ اُس آدمی نے صحافیوں کی پسلیاں اور ناک کی ہڈیاں توڑیں، عمران خان وہ ایک ہی شخص ہے جس نے اس ملک کی اخلاقیات کا جنازہ نکالا، نوجوان کے اندر عدم برداشت کا کلچر ڈالا، جھوٹ بول بول کر نوجوانوں کی محرومیوں سے کھیلا۔