عمران خان چورن بیچیں……مریم اورنگزیب حکومت کا ایک برس ہونے پر برس پڑیں
مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان اپنی ناکامیوں کا چورن بیچیں گے،تاریخی ناکامیوں کی داستان فخر کے ساتھ سنائی جائے گی.
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق مریم اورنگزیب نے حکومت کے ایک سال مکمل ہونے پر کہا کہ آج عمران خان اپنی ناکامیوں کو پچھلی حکومتوں پہ ڈالنے کا چورن بیچیں گے اور بتائیں گے کہ ایک سال میں اسٹاک ایکسچینج میں بتیس فیصد اورروپے کی قدر میں تینتیس فیصد کمی ہوئی ہے،آج عمران خان صاحب بتائیں گے کہ ان کی حکومت کے ایک سال میں فی تولہ سونا 34050 سے 88400 روپے ہو گیا ہے۔
مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ آج عمران صاحب یہ بھی بتائیں گے کہ گیس کے نرخوں میں 200 فیصد اضافہ کیا اور بجلی کی قیمت میں 35 فیصد اضافہ کیا، اس کے علاوہ 7 ہزار ارب روپے کا تاریخی قرضہ لے کر ریکارڈ قائم کیا۔عمران صاحب آج بتانے والے ہیں کہ ایک برس میں پاکستان خطے کا دوسرا مہنگا ترین ملک بن گیا ہے جس کے باعث ترقی کی شرح آدھی اور مہنگائی تین گنا بڑھ گئی ہے،آج عمران صاحب بتائیں گے کہ پشاور میٹرو کے گڑھوں کی قیمت ایک کھرب تک پہنچ گئی ہے۔
قبل ازیں وزیراعظم عمران خان کی مشیر برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ایک سال میں نئے پاکستان کی تکمیل کی اس کے باوجود بدترین تنقید کا سامنا کرنا پڑا ،ہم سب میڈیا کےذریعے عوام کو جوابدہ ہیں، چند افراد اور ایلیٹ کلاس عوام کے حقوق چھینتے رہے۔ ہر ادارے میں اصلاحات کی ضرورت تھی، عمران خان نے ہر ادارے میں ریفارمز متعارف کرائیں۔ ریلوے خسارے میں ملا، انتھک محنت سے پاؤں پر کھڑا کیا۔ انصاف اور احساس تک معاشرے میں تبدیلی نہیں آ سکتی، احساس پروگرام کیلئے 152 ارب روپے مختص کیے ہیں.