پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی ہدایت پر وکیل فیصل چوہدری کو پارٹی کی قانونی ٹیم سے نکال دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، یہ فیصلہ اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے وکلا کی ملاقات کے دوران کیا گیا۔ پارٹی کے جنرل سیکرٹری سلمان اکرم راجہ نے فیصل چوہدری کے بیانات کے حوالے سے عمران خان کو آگاہ کیا۔ اس پر عمران خان نے فیصل چوہدری کو پی ٹی آئی کی وکلا ٹیم سے نکالنے کی منظوری دے دی۔ اس کے ساتھ ہی فیصل چوہدری کو پی ٹی آئی وکلا کے واٹس ایپ گروپ سے بھی نکال دیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فیصل چوہدری سے کیسز اور دیگر قانونی ذمہ داریوں کو واپس لے لیا گیا ہے، اور وہ اب پارٹی کی قانونی معاملات میں شامل نہیں ہوں گے۔اس ملاقات کے دوران، مشعال یوسفزئی کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی، جس پر بشریٰ بی بی نے ہدایت دی کہ مشعال یوسفزئی کو اگلی ملاقات میں شامل کیا جائے۔