اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان کا دورہ کرنے والے امریکی ارکان کانگریس نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کا ذکر تک نہیں کیا۔ انہوں نے اس بات کا انکشاف اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔

ایاز صادق نے بتایا کہ انہوں نے امریکی وفد سے ملاقات کے دوران بیرسٹر گوہر اور چیف وہپ عامر ڈوگر کو ڈنر پر مدعو کیا تھا، جبکہ پی ٹی آئی کے عاطف خان اور ڈاکٹر امجد کو مدعو نہیں کیا تھا۔ اس بات کا ثبوت بھی موجود ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی کے مطابق یہ ایک اچھا موقع تھا کہ پی ٹی آئی کے رہنما امریکی ارکان سے ملاقات کرتے اور ان سے اپنے مطالبات یا مدد کی درخواست کرتے، مگر ایسا نہیں ہوا۔اسپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ تینوں امریکی ارکان کانگریس نے واضح طور پر کہا کہ ان کا پاکستان کی اندرونی سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے، اور نہ ہی وہ عمران خان کے بارے میں بات کرنے کے لیے تیار تھے۔

ایاز صادق نے ترکیہ کی جانب سے غزہ کی صورت حال پر بلائی جانے والی کانفرنس کا ذکر بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کانفرنس میں چند اسپیکرز کو مدعو کیا گیا ہے اور وہ غزہ کی صورت حال پر پاکستان کا موقف پیش کرنے کے لیے اس میں شرکت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ کشمیر کے حوالے سے بات کرتا آیا ہے، اور اب فلسطین کے حوالے سے بھی آواز اٹھائی جا رہی ہے۔ ایاز صادق نے فلسطین میں جاری ظلم و ستم اور وہاں کے بچوں اور عورتوں کی شہادتوں پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم امہ وہ کردار ادا نہیں کر سکی جو اس معاملے پر کرنا چاہیے تھا۔

Shares: