اسلام آباد کی انسدادِ دہشتگردی عدالت نے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی بہنوں، علیمہ خان اور عظمیٰ خان، کے خلاف ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔
تفصیلات کے مطابق، اسلام آباد کی انسدادِ دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے 4 اکتوبر کے احتجاج کیس کی سماعت کی، جس میں پی ٹی آئی کے کئی رہنماؤں اور کارکنان پر پرتشدد مظاہروں، پولیس سے جھڑپوں اور عوامی املاک کو نقصان پہنچانے کے الزامات ہیں۔عدالتی کارروائی کے دوران بتایا گیا کہ علیمہ خان اور عظمیٰ خان کے خلاف مقدمہ تھانہ کوہسار میں درج ہے۔ تاہم دونوں ملزمان متعدد بار عدالت کی طلبی کے باوجود پیش نہیں ہوئیں۔ مسلسل غیرحاضری پر عدالت نے دونوں کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔جج طاہر عباس سپرا نے حکم دیا کہ علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو گرفتار کرکے آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش کیا جائے۔ عدالت نے مزید کارروائی 22 نومبر 2025 تک ملتوی کرتے ہوئے پولیس کو وارنٹ پر عمل درآمد کی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔
ذرائع کے مطابق، 4 اکتوبر کے احتجاج کیس میں دیگر کئی پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف بھی مقدمات زیرِ سماعت ہیں، جبکہ عدالت نے واضح کیا ہے کہ بار بار کی غیر حاضری ناقابلِ برداشت ہے اور قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔








