عمران خان نے انتشار سے بچنے کے لیے جلسہ منسوخ کیا، 8 ستمبر کو تاریخی جلسہ ہو گا، علی امین گنڈا پور

0
43
gandapur

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے انتشار سے بچنے کے لیے جلسہ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔ تاہم، انہوں نے عمران خان سے کہا کہ وہ جلسہ کریں گے اور اس کی تمام ذمہ داری قبول کریں گے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 8 ستمبر کو خیبرپختونخوا میں ایک تاریخی جلسہ منعقد ہوگا۔علی امین گنڈا پور نے کہا کہ فارم 47 کے ذریعے نواز شریف اور آصف علی زرداری کو اقتدار میں بٹھایا گیا، اور یہ ایک بہت بڑا سوالیہ نشان ہے کہ یہ کس نے کیا؟ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے لوگوں نے اپنے زور بازو سے اپنے مینڈیٹ کو بچایا ہے اور کسی کے آگے سر نہیں جھکایا۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے عمران خان کی قربانیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اس ملک کے سسٹم کو ٹھیک کرنے کے لیے قربانی دے رہے ہیں، اور پی ٹی آئی آئین کی پاسداری کے لیے کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ادارے کی حدود آئین میں مقرر ہیں اور ان حدود کا احترام ضروری ہے
علی امین گنڈا پور نے مولانا فضل الرحمان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مولانا کے ایمان کے ٹیسٹ کا وقت قریب ہے، اور قومی اسمبلی میں ترمیم کے دوران ان کا امتحان ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ممکن ہے مولانا کو دھوکے کے بعد حقیقت سمجھ آگئی ہو۔انہوں نے حکومت کے ساتھ کسی بھی قسم کی لچک دکھانے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کی پولیس ان کے ساتھ ہوگی اور وہ جلسے کی مکمل ذمہ داری قبول کرتے ہیں۔ علی امین گنڈا پور نے مزید کہا کہ فوج میں کرسی کے لیے لابنگ سازش کے زمرے میں آتی ہے اور خواجہ آصف قوم کو مکمل حقیقت بتائیں۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے پنجاب میں انتخابات نہ کروانے پر آئین کی خلاف ورزی کا الزام لگایا اور کہا کہ جب تک کچھ لوگوں کو آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت سزا نہیں دی جاتی، ملک میں بہتری ممکن نہیں ہے۔علی امین گنڈا پور نے اسمبلی میں ممکنہ ترمیمات کے حوالے سے بھی سخت موقف اپناتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی غیر آئینی ترمیم قبول نہیں کی جائے گی اور ہمارے آباؤ اجداد نے اس ملک کے لیے قربانیاں دی ہیں تاکہ آئین کا احترام ہو۔

Leave a reply