عمران خان کا زمان پارک آپریشن کے دوران پیٹرول بم پھینکنے کا اعتراف

0
77
Imran Khan

راولپنڈی: بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران زمان پارک آپریشن کے دوران پیٹرول بم پھینکنے کا اعتراف کرلیا۔ عمران خان نے کہا کہ پیٹرول بم صرف زمان پارک، لاہور میں استعمال کیے گئے تھے اور کہیں نہیں۔صحافی نے عمران خان سے پوچھا کہ 9 مئی کے دن پی ٹی آئی کے کارکنوں کے ہاتھوں میں پیٹرول بم دیکھے گئے، جس پر عمران خان نے اعتراف کیا کہ پیٹرول بم ہم نے زمان پارک، لاہور میں استعمال کیے تھے۔ صحافی نے مزید پوچھا کہ ویڈیوز موجود ہیں جن میں مقامی عہدیدار حساس عمارتوں پر پیٹرول بم پھینک رہے تھے، جس پر عمران خان نے کہا کہ اگر کوئی تنظیمی عہدیدار پیٹرول بم پھینکنے میں ملوث ہے تو اسے کڑی سزا دی جائے گی۔عمران خان نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی سی سی ٹی وی ویڈیوز سامنے لائی جائیں تاکہ دیکھا جا سکے کہ ان واقعات میں کون لوگ ملوث ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر پی ٹی آئی کے لوگ ان واقعات میں ملوث پائے گئے تو ان کو بھی سزا دی جائے گی۔
عمران خان نے کہا کہ آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ مافیا پیسے خرچ کرکے پاکستان مخالف مہم چلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فوج قومی ادارہ ہے اور اس کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے۔صحافی نے پوچھا کہ آپ نے ہمیں نواز شریف اور زرداری کی کرپشن کی کہانیاں سنائیں، جس پر عمران خان نے کہا کہ اب الیکشن میں دھاندلی کرکے انہی لوگوں کو مسلط کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنگلادیش سے بھی برے حالات پاکستان میں ہیں اور حسینہ واجد کے واقعہ کے بعد مجھے لگ رہا ہے کہ ملک میں کچھ بڑا ہونے والا ہے۔عمران خان نے کہا کہ 9 مئی کو ہمارے 16 لوگ شہید ہوئے۔ صحافی نے پوچھا کہ اگر آپ کے 16 لوگ شہید ہوئے تو پی ٹی آئی نے نام کیوں جاری نہیں کیے؟ جواب میں عمران خان نے کہا کہ پولیس نے ان پر دباؤ ڈالا کہ وہ اس حوالے سے کوئی بات نہ کریں۔
عمران خان نے مطالبہ کیا کہ مجھ سمیت نواز شریف، شہباز شریف، آصف زرداری، اور محسن نقوی کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) پر ڈالا جائے۔صحافی نے سوال کیا کہ شہباز گل، مراد سعید، قاسم سوری، فرح گوگی، اور احسن جمیل گجر فرار ہوئے، انہیں واپس کیوں نہیں بلاتے؟ عمران خان نے جواب دیا کہ ہمیں عدالتوں سے ڈر نہیں لگتا، یہاں ٹرائل نہیں ہوتا بلکہ ڈالا آجاتا ہے۔شیر افضل مروت کے حوالے سے سوال پر عمران خان نے کوئی جواب دیے بغیر گفتگو ختم کردی۔یہ گفتگو عمران خان کی حالیہ صورتحال اور ان کے موقف کو واضح کرتی ہے، جہاں وہ پیٹرول بموں کے استعمال کا اعتراف کرتے ہیں اور سی سی ٹی وی فوٹیجز کے ذریعے حقائق سامنے لانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

Leave a reply