بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وکیل فیصل چوہدری کو اڈیالہ جیل کے باہر سے حراست میں لے لیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق فیصل چوہدری کو گزشتہ روز اڈیالہ جیل کے افسر عمران ریاض کو نازیبا الفاظ اور گالیاں دینے کی پاداش میں گرفتار کیا گیا۔فیصل چوہدری بانی پی ٹی آئی کی ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل پہنچے تھے، جہاں جیل عملے کے ساتھ تلخ کلامی کے بعد انہیں حراست میں لے لیا گیا۔

گزشتہ روز فیصل چوہدری کے جیل میں داخلے سے متعلق ایک تنازعہ بھی سامنے آیا تھا، جس میں ان کی عملے کے ساتھ تلخ کلامی ہوئی۔ ایک ویڈیو سامنے آئی جس میں فیصل چوہدری پولیس اہلکاروں کو نازیبا الفاظ کہتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ اس ویڈیو میں فیصل چوہدری اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ عمران کے سامنے نازیبا زبان استعمال کر رہے ہیں۔فیصل چوہدری کا کہنا تھا کہ "مجھے کیوں روکا گیا؟ کس کی جرات ہے مجھے کلیئر نہیں کیا گیا؟” اس دوران جیل کے افسر عمران نے فیصل چوہدری کو وضاحت دینے کی کوشش کی۔

فیصل چوہدری نے مزید کہا کہ انہیں احتجاج کرنے کی وجہ سے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل کے کمرے میں دو گھنٹے تک حبسِ بے جا میں رکھا گیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ جیل عملہ نہ صرف انہیں بلکہ ان کے ہمراہ آئے ہوئے سائلین کو بھی ہراساں کرتا رہا۔

Shares: