چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ ہمیں مانئس کرنے کی کوشش کی گئی تو یہ بھی نہیں رہیں گے۔ یہ کاروباری دنیا نہیں، دو میں سے ایک مانئس کرو ایک رہ جائے گا۔

اسلام آباد میں پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم پارلیمنٹ میں ملک اور جمہوریت کو مضبوط کرنے کے لیے آرہے ہیں، مگر کچھ لوگ حالات بہتر ہوتے ہوئے دیکھنا نہیں چاہتے، رات کو اڈیالہ جیل کے باہر بانی کی بہنوں اور کارکنان پر واٹرکینن کیوں استعمال کیے گئے، ہم اس وقت تین کروڑ لوگوں کے نمائندے ہیں، اتنی بڑی جماعت کو اگر آپ سسٹم سے نکال دیتے ہیں تو پیچھے بچتا کیا ہے، اسپیکر قومی اسمبلی مشکل وقتوں میں اچھی کوششیں کر چکے ہیں، اسپیکر کا کردار قابل تعریف رہا ہے مگر مزید اچھے اقدامات کی ضرورت ہے، عدلیہ سے لوگ مایوس ہو گئے ہیں،سسٹم اتنا خراب ہو گیا ہے کہ ایک ملاقات کے لیے اتنا کچھ کرنا پڑ رہا ہے،اگر اس طرح واٹر کینن کا استعمال ہوگا تو یہ یاد رکھو عوام جب اٹھتی ہے اور خلق خدا جب اٹھتی ہے تو پھر دنیا دیکھتی ہے۔عوام کو خان سے جدا نہیں کیا جا سکتا ،عوام کو طیش نہ دلائیں۔ ہماری طرف سے آواز آئی تو پھر نقصان ہو گا،اسلام آباد ہائیکورٹ نے ہمارے سے اور جیل حکام سے مشاورت کے بعد فیصلہ جاری کیا تھا،ملک اور جمہوریت کا نقصان ہورہا ہے،یہ پارلیمان میں ناجائز طور پر بیٹھے ہیں،اس طرح معاملات آگے نہیں بڑھ سکتے،آج جان بوجھ کر ایوان کی کارروائی ملتوی کی گئی،اس سے کوئی تیسری قوت فائدہ اٹھائے گی،یہ بیانہ ہے کہ ملاقات اس لیے بند ہے کہ ٹوئٹ کیا جاتا ہے،بشری بی بی کی ملاقات پھر کیوں بند ہے ؟

Shares: