لاہور میں سابق وزیراعظم عمران خان کی 9 مئی کے مقدمات میں ضمانت منظور ہونے کے عدالتی فیصلے پر خوشی کا اظہار کرنے والے سات افراد کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار افراد نے مال روڈ پر بلاک کر کے ٹریفک کا بہاؤ متاثر کیا تھا۔

تھانہ سول لائنز لاہور کی حدود میں گرفتار افراد کے خلاف پولیس کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے، اور موقع سے کچھ خواتین کو بھی حراست میں لیا گیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد کو قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

دوسری جانب لاہور کے تھانہ سول لائن کی حدود میں عمران خان کی سپریم کورٹ سے ضمانت کی خوشی میں ایک فیملی نے کچھ افراد کے ساتھ مل کر مٹھائیاں تقسیم کیں، نتیجتاً بچوں سمیت اس فیملی کو بھی تھانے لے جایا گیا۔پی ٹی آئی کے سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے اس واقعے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ٹویٹر پر کہا کہ ایس ایچ او سول لائن ندیم کمبوہ نے 3، 4 اور 5 سال کی تین بچیوں اور ایک 2 سالہ بچے کو والدین سمیت گرفتار کیا۔ ان کا جرم صرف اور صرف عمران خان کی ضمانت منظور ہونے کی خوشی میں مٹھائی تقسیم کرنا تھا۔ قاسم خان سوری کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خواتین تھانے کے کمرے میں موجود ہیں، جہاں ایک پولیس اہلکار بغیر کسی لحاظ کے سیگریٹ پی رہا ہے پی ٹی آئی کے آفیشل پیج پر جاری بیان میں مزید بتایا گیا کہ بالآخر ننھے بچوں اور فیملی کو رہا کرا لیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ تاریخ میں یاد رکھا جائے گا کہ پاکستان میں دو سے پانچ سال کے بچوں کو مٹھائی بانٹنے کے جرم میں تھانے میں حبس بےجا میں رکھا گیا۔

Shares: