راولپنڈی: پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان نے راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی زندگی خطرے میں ہے اور اس حوالے سے وہ سپریم کورٹ جائیں گے۔ عمران خان اور ان کے بھانجے کو ناجائز قید میں رکھا گیا ہے، اور ان کی پہلی ترجیح بےگناہ قیدیوں کی رہائی ہے۔

علیمہ خان نے واضح کیا کہ عمران خان نے پارٹی کے اندر موجود ذاتی تنازعات ختم کرنے اور تحریک کو آگے بڑھانے کا سخت پیغام دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان مشکل دور سے گزر رہے ہیں اور پارٹی کو چاہیے کہ اس صورتحال پر سنجیدگی سے غور کرے۔ علیمہ خان نے کہا، "پارٹی کے اندر بشریٰ بی بی کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں تاکہ عمران خان کو توڑا جا سکے، لیکن وہ قوم کے مفاد کے لیے مذاکرات کریں گے، اپنے ذاتی مفادات کے لیے نہیں۔”انہوں نے مزید کہا کہ اخبارات اور ٹی وی چینلز بند کرکے عمران خان کو قید تنہائی میں رکھا گیا ہے۔ علیمہ خان نے جیل سپرنٹنڈنٹ پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ جھوٹ بول رہے ہیں اور ان کا بھائی کبھی جھوٹ نہیں بولتا۔ ان کا الزام تھا کہ مریم نواز نے عمران خان پر ظلم کرنے کے لیے اس جیل سپرنٹنڈنٹ کو بھیجا ہے۔علیمہ خان نے کہا، "ہم عمران خان کی زندگی کو لاحق خطرات سے آگاہ ہیں اور ان کے تحفظ کے لیے عدالتِ عظمیٰ سے رجوع کریں گے۔ ہمارا فوکس صرف انصاف اور بےگناہ قیدیوں کی رہائی پر ہے۔”

Shares: