عمران نیازی پختونخوا کی سرکاری مشینری سے تخت اسلام آباد کی لڑائی لڑ رہا ہے۔ ایمل ولی خان

پشاور،عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو مضبوط عدلیہ کی ضرورت ہے۔تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی پاکستان آئین کو پامال کیا گیا، بدقسمتی سےعدلیہ نے ہی راستہ دیا ۔ خوشی ہے کہ عدالتیں رات 12بجے اور چھٹی کے دن بھی کھل رہی ہیں، لیکن ہمیں شکایتیں بھی ہیں۔

پشاور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی نومنتخب کابینہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئےاے این پی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا کہ اس ملک میں کوئی سفید گائے نہیں، جہاں بھی غلطی ہوگی اے این پی ببانگ دہل تنقید کرے گی اور آواز اٹھائے گی۔ پچھلے سات سال سے فارن فنڈنگ کیس چل رہا ہے، دن کو بھی نوٹس نہیں لیا جارہا۔ ۔ہمیں شکایت ہے کہ بی آر ٹی تحقیقات کو عدلیہ نے ہی روکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ولی خان نے بہت پہلے کہا تھا کہ ہمارا راستہ نہ روکے ورنہ ایسے لوگ آئیں گے جو آئین کو نہیں مانیں گے۔ جو باتیں عمران نیازی کرسی سے اترنے کے بعد کررہا ہے، کوئی تصور کرسکتا ہے کہ کسی پختون یا بلوچ ایسی باتیں کرسکتا ہے؟ عمران نیازی آجکل پشاور میں بیٹھا ہوا ہے اور یہاں سے نظام چلارہا ہے۔ پختونخوا کی سرکاری مشینری، افسران اورعوام کے ٹیکس کے پیسے سے تخت اسلام آباد کی لڑائی لڑ رہا ہے۔ پی ٹی آئی کانہ پہلے کوئی وجو دتھا اور نہ اب ہے۔پختونخوا کےسرکاری مشینری اور وسائل کو استعمال کرکے جلسے کئے جارہے ہیں ۔جو پلان بنایا گیا تھا اسی پر عمل جاری ہے ۔پختون قوم کو اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا، اتحاد برقرار رہا تو کامیابی ہماری ہوگی۔

صوبائی صدر ایمل ولی خان نے دوران خطاب کہا کہ تبدلی سرکار کی ناکام معاشی پالیسیوں کی بدولت ملکی معیشت تباہ ہو گئی ہے۔ معیشت کی کمزوری کا یہ عالم ہے کہ آئی ایم ایف معاہدہ نہ ہوا تو خدانخواستہ سری لنکا جیسی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے ۔ہمیں ترجیحات بدلنی ہوں گی اور کچھ فیصلے کرنے ہوں گے۔یہ یقینی ہے کہ آئی ایم ایف انٹرم حکومت سے معاہدہ نہیں کرے گا۔

نئے انتخابات بارے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا کہ تین مہینے میں انتخابات ممکن نہیں، موجودہ صورتحال میں نئے انتخابات خطرناک ہوں گے۔ عوامی نیشنل پارٹی روز اول سے انتخابی اصلاحات کیلئے جدوجہد کررہی ہے اور سمجھتی ہے کہ جب تک اصلاحات نہیں ہوتے ، صاف شفاف اور مداخلت سے پاک انتخابات کا ہونا ناممکن ہے۔

صوبائی صدر ایمل ولی خان نے ہائی کورٹ بار انتخابات کامیابی پر نومنتخب صدر رحمان اللہ خان ايڈووکیٹ اور دیگر اراکین کو مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ نو منتخب عہدیداران بار کے تقدس ، عوام کو سستے انصاف کی فراہمی اور ملک میں جمہوریت کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ اس موقع پر صوبائی سینئر نائب صدر خوشدل خان ایڈووکیٹ، باچا خان ٹرسٹ کے سینئر ایگزیکٹو آفیسر معصوم شاہ باچا، ایم پی اے شگفتہ ملک ،صوبائی سیکرٹریز یوتھ افیئرزطارق افغان ايڈووکیٹ و ثناء گلزار ایڈووکیٹ، رکن مرکزی کمیٹی سیداختر علی شاہ، آرگنائزنگ کمیٹی اے این پی ضلع پشاور کے اراکین ارباب عثمان اوریسین خلیل، ملگری وکیلان کے رضا ءاللہ ایڈووکیٹ اور دیگر ذمہ داران موجود تھے۔

Shares: