اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ملاقات نہ کرانے پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو توہین عدالت کی درخواست پر عدالت نے طلب کرلیا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں اس حوالے سے سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے 27 فروری کو سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت دی۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بشریٰ بی بی سے ملاقات کے حوالے سے عدالت کے حکم پر عمل نہ ہونے پر توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی تھی۔ وکیل فیصل چودھری نے عدالت میں بیان دیا کہ 28 جنوری کو جیل سپرنٹنڈنٹ نے عدالت میں بشریٰ بی بی کی ملاقات کرانے کا وعدہ کیا تھا، مگر اب تک ملاقات کرانے میں ناکامی رہی ہے۔سماعت کے دوران، قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے جیل سپرنٹنڈنٹ سے استفسار کیا کہ اس عدالت کے حکم پر عمل کیوں نہیں کیا گیا؟ اسٹیٹ کونسل کو بھی ہدایت دی گئی کہ وہ اس حکم کی تعمیل کو یقینی بنائے۔عدالت نے اس معاملے کی مزید سماعت 27 فروری تک ملتوی کرتے ہوئے اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کو ذاتی طور پر عدالت میں طلب کرلیا۔