اسلام آباد ہائیکورٹ: عدالتی حکم کے باوجود بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کروانے پر توہین عدالت درخواست پر سماعت ہوئی
عدالت نے علی امین گنڈاپور کی درخواست پر سپرٹینڈنٹ اڈیالہ جیل کو 12 فروری کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا،وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے 24 جنوری کو جیل میں ملاقات نہ کروانے پر توہین عدالت کی درخواست دائر کر رکھی ہے ،جسٹس ارباب محمد طاہر نے علی امین گنڈاپور کی درخواست پر سماعت کی،عدالت نے کیس کی سماعت 12 فروری تک ملتوی کر دی
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان کے بڑھتے ہوئے شوگر لیول اور دل کی دھڑکن بےترتیب کی خبروں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ انہیں طبی سہولیات تک رسائی فراہم کرے اور اپنی پسند کے ڈاکٹروں کو ان کا معائنہ کرنے کی اجازت دے۔سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا کہ وہ پی ٹی آئی کے سربراہ کو جیل مینوئل کے مطابق ان کے آئینی طور پر لازمی حقوق اور سہولیات دینے سے انکار کر رہے ہیں،عمران خان کو جسمانی اور ذہنی طور پر توڑنے کی اسکیم کے تحت تمام سہولیات سے محروم کیا جا رہا ہے، عمران خان کی صحت اور تندرستی ہمارے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے اور طبی دیکھ بھال کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت کے سنگین نتائج ہو سکتے ہیں،حکومت عمران خان کا ان کے پسند کے ڈاکٹروں سے باقاعدہ میڈیکل چیک اَپ کو یقینی بنائے۔ عمران خان کو اپنے بیٹوں کے ساتھ بات چیت کرنے کی اجازت ہونی چاہیے .